پاک کویت دفاعی تعاون
پاکستان اور کویت کے درمیان طے پانے والا پروٹوکول معاہدہ 2026ء محض ایک دفاعی پیش رفت نہیں بلکہ بدلتی ہوئی علاقائی سلامتی کی صورتحال میں دونوں ممالک کے باہمی اعتماد اور دفاعی شراکت داری کو نئی جہت دینے والا اہم قدم ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کو تربیت‘ استعدادِ کار میں اضافے‘ سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر طے شدہ شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔ نئے معاہدے سے دفاعی تعاون معاہدہ 2023ء کے تحت قائم عسکری تعاون کے فریم ورک کو وسعت اور تقویت ملے گی‘ جس میں فوجی تربیت و تعلیم‘ مشترکہ مشقیں‘ ماہرین کا تبادلہ وغیرہ شامل ہیں۔ اس معاہدے کی اہمیت پاکستان‘ سعودی عرب اور ترکیہ کے حالیہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں مزید بڑھ جاتی ہے۔ خلیج میں جاری کشیدگی اور سلامتی کے بدلتے تقاضوں کے پیشِ نظر خطے کے ممالک اپنی دفاعی صلاحیت‘ شراکت داری اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنا رہے ہیں اور اس ضمن میں پاکستان ان کا ایک فطری اتحادی ہے۔ کویت کیساتھ عسکری شراکت داری اور باہمی دفاعی تعاون بڑھانے سے پاکستان کی علاقائی ساکھ‘ خلیجی ممالک کے ساتھ ادارہ جاتی روابط اور سفارتی اثرورسوخ کو مزید تقویت ملے گی۔ یقینا پاکستان اپنی ذمہ داریوں کو مؤثر‘ متوازن اور پیشہ ورانہ انداز میں پورا کرتے ہوئے دفاعی تعاون کو خطے میں امن‘ استحکام اور باہمی اعتماد کا ذریعہ بنائے گا‘ یہی اس معاہدے کی حقیقی سٹرٹیجک اہمیت ہے۔