اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بچوں کا جنسی استحصال

ملک میں بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم‘ بالخصوص جنسی استحصال کے لرزہ خیز واقعات خوفناک حد تک بڑھ چکے ہیں ۔ گزشتہ دو روز کے دوران راولپنڈی‘ گجرات اور چکوال سے کم عمر بچیوں کے ساتھ زیادتی کے کم از کم تین واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ رواں ماہ بچوں کے جنسی استحصال کے رپورٹ شدہ واقعات کی تعداد 14 ہے۔ ایک غیرسرکاری تنظیم کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں بچوں کے جنسی استحصال کے 1015 جبکہ 2025ء میں 3250سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ تقریباً 45 فیصد واقعات میں ملزمان متاثرہ بچوں کے جاننے والے تھے۔ یہ حقیقت والدین کیلئے ایک واضح تنبیہ ہے کہ بچوں کے معاملے میں کسی قریبی شخص پر بھی اندھا اعتماد نہ کیا جائے۔

اس حوالے سے حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ اگرچہ ملک میں بچوں کے تحفظ کیلئے قوانین اور ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے‘ مگر سوال یہ ہے کہ ان کا عملی اثر کہاں ہے؟ اکثر ملزمان شواہد کی عدم دستیابی یا کمزور تفتیش پر سستے چھوٹ جاتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ بچوں سے متعلق مقدمات کیلئے پولیس میں خصوصی یونٹس‘ فوری ایف آئی آر‘ جدید فرانزک سہولتوں‘ تیز رفتار تفتیش اور مقدمات کے بروقت فیصلوں کو یقینی بنائے۔ نیز گھر‘ سکول‘ میڈیا‘ مذہبی و سماجی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں