اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

خوراک کا ضیاع

اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آج خوراک کے ضیاع کی روک تھام کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں ہر روز تقریباً اتنی خوراک ضائع کر دی جاتی ہے جس سے ایک ارب افراد ایک وقت کیلئے اپنا پیٹ بھر سکتے ہیں۔اس ضمن میں ہمارے ملک کی صورتحال بھی کچھ اچھی نہیں۔ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں سالانہ تقریباً 26 فیصد خوراک ضائع ہوجاتی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے فوڈ ویسٹ انڈیکس 2025ء کے مطابق پاکستان خوراک کے ضیاع کے حوالے سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ملکِ عزیز میں خوراک کا ضیاع صرف کھانے کی میز پر نہیں ہوتا بلکہ اس کا آغاز کھیت ہی سے ہو جاتا ہے۔

غذائی اجناس کی سٹوریج کا ناقص انتظام‘ غیرموزوں پیکیجنگ‘ نقل و حمل اور منڈیوں میں مناسب سہولتوں کا فقدان پھلوں‘ سبزیوں اور دیگر جلد خراب ہونے والی اجناس کا بڑا حصہ ضائع کر دیتا ہے۔ اسکے بعد دکانوں‘ ہوٹلوں‘ شادی ہالوں اور گھروں میں ضرورت سے زیادہ مقدار میں کھانا پکانا اور بچا ہوا کھانا مناسب طریقے سے محفوظ نہ کرنا اس ضیاع میں اضافہ کرتے ہیں۔ جہاں حکومت کو بعد از کٹائی نقصانات کم کرنے کیلئے سٹوریج نظام کو بہتر‘ منڈیوں اور نقل و حمل کو جدید بنانے کی ضرورت ہے‘ وہیں عوام کو بھی صرف ضرورت کے مطابق کھانا پلیٹ میں ڈالنے کی عادت اپنانی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں