اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

المناک واقعہ

پانچ ماہ سے زائد عرصے تک صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال رہنے والے بحری جہاز ایم ٹی آنر25 کے عملے کی بازیابی کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران قزاقوں کی فائرنگ سے عملے کے پانچ ارکان جاں بحق ہو گئے‘ جن میں تین پاکستانی شہری شامل ہیں جبکہ تین پاکستانی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران یرغمالیوں کی جانب سے متعدد بار مدد کی اپیلیں کی گئیں‘ ان کو ملنے والی ناقص خوراک اور پانی کے علاوہ صحت کی خراب حالت کی اطلاعات بھی متواتر ملتی رہیں جبکہ مغویوں کے اہلِ خانہ حکومت سے مدد کی اپیل کرتے رہے۔

اس دوران حکومتِ پاکستان کی طرف سے صومالی حکام سے پاکستانی عملے کی بحفاظت بازیابی کے لیے ملاقاتیں کی گئیں تاہم یہ کوششیں کوئی عملی نتیجہ پیدا نہ کر سکیں اور یرغمالی ایک افسوسناک المیے سے دوچار ہوئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق زندہ بچ جانے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا اور صومالیہ پہنچا دیا گیا ہے جبکہ جبوتی میں پاکستانی سفارت خانے کی ٹیم پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہو گی۔ حکومت کو چاہیے کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتوں اور زخمی پاکستانی شہریوں کی فوری واپسی یقینی بنانے کے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں‘ تاکہ ان کی واپسی میں مزید تاخیر عملے اور ان کے لواحقین کے لیے تکلیف کا باعث نہ بنے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں