سموگ‘ بیماریاں اور معاشی قیمت
ملک کے میدانی علاقوں میں فضائی آلودگی میں اضافے نے شہریوں کو صحت کے سنگین مسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔ ایک خبر کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے صرف لاہور کے چھ بڑے سرکاری ہسپتالوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران فلو‘ کھانسی‘ گلے میں درد سمیت امراضِ تنفس کی علامات کیساتھ 18ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ فضائی آلودگی کے اثرات بچوں پر بالخصوص زیادہ مرتب ہو رہے ہیں۔ آلودہ فضا میں موجود باریک ذرات بچوں کے پھیپھڑوں میں گہرائی تک پہنچ کر ان کی نشوونما اور سانس لینے کی صلاحیت متاثر کر سکتے ہیں۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ آلودگی کے اثرات صرف بچپن تک محدود نہیں رہتے بلکہ پھیپھڑوں کی کمزور کارکردگی کے باعث انکی صحت کو طویل عرصے تک متاثر کر سکتے ہیں۔

آلودگی کے باعث بیماریوں میں اضافے سے عوام کے علاج معالجے پر اخراجات بڑھ رہے ہیں جبکہ کام کرنے کی صلاحیت‘ تعلیمی سرگرمیاں اور مجموعی پیداواری عمل بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی پاکستان کو ملکی معیشت کو سالانہ مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 6.5 فیصد کے برابر نقصان پہنچا سکتی ہے۔ ضروری ہے کہ حکومت فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے جامع‘ مؤثر اور قابلِ عمل حکمت عملی اختیار کرے‘ کیونکہ صاف فضا شہریوں کا بنیادی حق ہے اور اس حق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری۔