اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

معاشی گیم چینجر

اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کا انعقاد ملک کے معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاری کیلئے متعارف کرانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ اس فورم میں پہلے روز 50سے زائد ممالک کے پانچ ہزار سے زائد مندوبین کی شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کے معدنی شعبے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ پاکستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ملک ہے لیکن بدقسمتی سے ہم اب تک ان وسائل سے خاطرخواہ معاشی فائدہ حاصل نہیں کر سکے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ موجودہ دور میں ملک کے معدنی وسائل کو عالمی منڈی میں متعارف کرانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عالمی کان کنی کی صنعت کی مالیت 2025ء میں تقریباً 2.6 ٹریلین ڈالر تھی‘ جو مختلف مارکیٹ تخمینوں کے مطابق 2035ء تک بڑھ کر تقریباً 3.7 ٹریلین ڈالر ہو سکتی ہے۔

ایسے میں پاکستان کیلئے اپنی معدنی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں جو پاکستان کیلئے معاشی گیم چینجر ثابت ہو سکتے ہیں۔ تاہم اس مقصد کیلئے عالمی سرمایہ کاروں کو محض سرمایہ کاری کی دعوت دینا کافی نہیں۔ انہیں شفاف اور یکساں قوانین‘ پالیسیوں کا تسلسل‘ ون ونڈو آپریشن‘ آسان لائسنسنگ اور سرمایہ کاری کے تحفظ کی ضمانت دینا ہو گی۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان معدنی پالیسیوں میں ہم آہنگی‘ جدید ٹیکنالوجی اور کان کنی کیلئے درکار توانائی‘ سڑکوں‘ ریلوے اور بندرگاہوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی بھی ناگزیر ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں