نئے صوبوں کا قیام اور عوامی امنگ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں نئے صوبوں کے حوالے سے عوامی سروے دیکھ لیں‘ عوامی سروے نئے صوبوں کے حق میں آ رہے ہیں۔ جمہوری معاشروں میں بڑے انتظامی اور آئینی فیصلوں کی بنیاد عوام کی منشا اور شمولیت سے رکھی جاتی ہے‘ اور جو اقدامات عوام کی تائید اور حمایت سے کیے جائیں وہ ریاست اور شہریوں میں تعلق اور اعتماد کو تقویت دیتے ہیں ۔ اس کے برعکس وہ فیصلے جو عوامی تائید سے محروم ہوں‘ کبھی پائیدار ثابت نہیں ہوتے۔ نئے صوبوں کے حوالے سے شہریوں کی منشا کی بات کی جائے تو اب تک کیے جانے والے سرویز اور رائے عامہ کے جائزوں میں عوام کی کثیر تعداد نئے صوبوں کے حق میں رائے دیتی نظر آتی ہے۔ ان جائزوں میں یہ رجحان بھی نمایاں رہا کہ دور دراز اور پسماندہ اضلاع کے شہری موجودہ صوبائی ڈھانچے اور انتظامی خدوخال سے قطعی مطمئن نہیں۔ قدرتی بات ہے کہ جب کروڑوں کی آبادی اور لاکھوں مربع کلومیٹر پر پھیلے رقبے کے انتظام کو ایک صوبائی دارالحکومت سے چلانے کی کوشش کی جائے گی تو عوام کے حقوق کی فراہمی‘ انتظامی کارکردگی‘ شفافیت اور جوابدہی کا عمل تسلی بخش نہیں ہو گا۔ بیسیوں ممالک سے رقبے میں بڑے صوبوں کے پاس وسائل جتنے بھی ہوں مگر انتظامی صلاحیت وہ نہیں رہتی جو شہری مسائل کے حل اور ترقی کی رفتار کو تیز کر سکے۔

ملک عزیز میں شہری سطح پر مسائل کے انبار جن میں کچھ معاشی نوعیت کے ہیں اور کچھ خالصتاً انتظامی‘ صوبوں کے بے ڈول حجم کی دین ہیں۔ دنیا بھر کے دانشمندوں کا یہ ماننا ہے کہ جب آبادی ایک خاص حد سے بڑھ جائے تو انتظامی اکائیوں کو چھوٹا کرنا چاہیے تاکہ حکومتی مشینری عوامی مسائل کو براہِ راست سمجھ سکے اور ان کے حل کیلئے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ بڑے صوبے عوامی سطح پر احساسِ محرومی پیدا کرنے کی ایک بڑی وجہ بن رہے ہیں۔ جب صوبہ بھر میں ایک یا چند ایک بڑے شہر ہی حکمرانوں کی ترقیاتی ترجیحات پر ہوں تو صوبے کے محروم رہ جانے والے بیشتر علاقوں کے عوام کے دلوں پر کیا گزرتی ہے‘ یہ سمجھنا کوئی ایسا مشکل سوال نہیں۔ اس احساسِ محرومی نے صرف صوبائی سطح پر نہیں ملکی سطح پر بھی منفی اثرات چھوڑے ہیں اور اس نفسیات کے تحت ملک میں سیاسی منافرت کا ایسا رجحان آگے بڑھ رہا ہے جو قومی ہم آہنگی کیلئے سخت نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ پسماندہ علاقوں کے عوام بجا طور پر یہ شکوہ کرتے ہیں کہ ان کے حصے کے وسائل صوبائی دارالحکومتوں یا مخصوص شہروں کی تزئین و آرائش پر صرف ہو رہے ہیں۔ اس احساسِ محرومی کے تحت کہانیاں جنم لیتی ہیں اور عوام کے دلوں میں بیگانگی کی ایسی گرہ پڑ جاتی ہے جو آسانی سے ختم نہیں ہوتی۔
قومی ہم آہنگی جو کسی قوم کا سب سے نمایاں وصف ہے‘ کیلئے یہ صورتحال نقصاندہ ہے؛ چنانچہ ضروری ہے کہ ناگزیر اقدامات میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ اس احساسِ محرومی اور وسائل کی غیر مساوی تقسیم کا ازالہ کرنے کا پہلا قدم یہ ہو گاکہ بااختیار نئے انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں جہاں فیصلہ سازی کے مراکز‘ عدالتیں‘ تعلیمی بورڈز اور انتظامی دفاتر عوام کی آسان رسائی میں ہوں ۔ عوامی سطح پر نئے صوبوں کی حمایت کے پیچھے یہی عملی سہولت اور بہتر طرزِ حکمرانی کی خواہش کارفرما ہے۔ آج کا شہری روایتی سیاست سے متنفر ہے۔ مہنگائی‘ بیروزگاری‘ کمزور معیشت اور بنیادی سہولتوں کا فقدان؛ یہی اسکے سب سے بڑے مسائل ہیں۔ عوام اب سیاسی جماعتوں کے کھوکھلے نعروں اور جذباتی بیانیوں کے بجائے اپنے حقیقی مسائل کا پائیدار اور عملی حل چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یہ کہنا کہ صوبوں کے ایشو پر ریفرنڈم کرا لیں‘ صائب اور جمہوری روح کے عین مطابق ہے۔ سیاسی قیادت کو چاہیے کہ اس اہم قومی معاملے میں عوامی رائے کو اہمیت دی جائے‘ اس بحث کو عوام کے سامنے رکھا جائے اور عوام کے فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیا جائے۔