معدنی وسائل اور معاشرتی ترقی
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر بیرونِ ملک بھیجنے کا خواہاں نہیں‘ ہمیں معدنیات کو نکالنا‘ پاکستان میں پراسیس اور تیار کر کے برآمد کرنا ہے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ معدنی وسائل سے بھرپور علاقوں میں ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانا اور ان کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری لانا ناگزیر ہے۔ اس میں دو آرا نہیں کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ قدرت نے اس کو ہر طرح کی نعمتوں اور خزینوں سے نواز رکھا ہے مگر آج تک ہم نہ تو ان وسائل سے بھرپور استفادہ کر سکے ہیں اور نہ ہی اس دولت کو قومی تعمیر و ترقی کے مصرف میں لا سکے ہیں۔ حکومت کی جاری کردہ رپورٹس کے مطابق پاکستان میں 92اقسام کی معدنیات دریافت ہو چکی ہیں جن کے ذخائر کی مالیت کا تخمینہ آٹھ ہزار ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں نایاب معدنیات کے ذخائر بھی موجود ہیں جن کی جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کافی مانگ ہے۔ ان معدنیات سے ہر سال 10 سے 15ارب ڈالر کا فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔

یہاں بڑا سوال یہ ہے کہ ماضی میں اس شعبے کو کیونکر بروئے کار نہیں لایا جا سکا اور اب تک یہ پوشیدہ کیوں رہا۔ نیز جو فوائد اب سامنے آ رہے ہیں‘ پہلے کہاں تھے۔ تو حقیقت یہی ہے کہ ماضی میں یہ شعبہ خاصا نظر انداز رہا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی ملکی معیشت میں معدنیات کا حصہ محض دو سے تین فیصد ہے اور خالص منافع محض چند ملین ڈالر۔ ماضی میں معدنی وسائل کے نام پر چند قیمتی پتھروں اور دھاتوں پر ہی توجہ مرکوز رکھی گئی اور یہاں بھی فرسودہ طریقوں سے کان کنی کی جاتی رہی جس سے ایک طرف معدنی وسائل کی کوالٹی متاثر ہوئی اور بہت سے وسائل کان کنی کے دوران ہی ضائع ہو جاتے رہے۔ کان کنی کے دوران زیادہ تر خام مال نکالا جاتا جسے پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کیلئے بیرونِ ملک برآمد کر دیا جاتا‘ جس سے ہمارا منافع نہایت کم رہ جاتا۔ دوسری جانب اس شعبے پر ایک طرح کی اجارہ داری قائم رہی اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اس سے دور رہے۔ تاہم اب حکومت نے معدنیات کو معیشت کی قوتِ محرکہ بنانے کا جو فیصلہ کیا ہے‘ وہ نہایت بروقت اور خوش آئند ہے۔ ماضی کے برعکس‘ اب خام مال کو برآمد کرنے کے بجائے ملک کے اندر اس کی پروڈکشن‘ پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن جیسے مراحل انجام دیے جائیں گے۔ اس سے ایک طرف ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو گا‘ مقامی سطح پر نئی صنعتیں قائم ہوں گی اور لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔ دوسری طرف مائننگ‘ ایکسپلوریشن اور ویلیو ایڈیشن تک سب کام جدید ٹیکنالوجی سے ہو گا۔
اس وقت تجارتی بنیادوں پر 52 معدنیات کی کان کنی کا کام جاری ہے جس میں مقامی سطح پر نئی صنعتوں کے قیام کی راہ کھلی اور مقامی آبادی کو روزگار میسر آیا ہے۔ بلوچستان‘ خیبر پختونخوا‘ گلگت بلتستان اور دیگر معدنی علاقوں کے عوام کے معیارِ زندگی میں ٹھوس بہتری لا کر ہی اس شعبے کو ملکی معیشت کا پائیدار حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ فیلڈ مارشل کا یہ کہنا بالکل درست ہے کہ معدنی ترقی کا حقیقی فائدہ اسی وقت ممکن ہے جب معدنیات سے مالا مال علاقوں کے عوام بھی اس عمل میں شریک ہوں اور انہیں اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی واضح طور پر نظر آئے۔ بلاشبہ معدنی وسائل سے حاصل ہونیوالی ترقی کے ثمرات سب سے پہلے ان علاقوں کے عوام تک پہنچنے چاہئیں جہاں یہ ذخائر پائے جاتے ہیں۔ وزیراعظم نے 2050ء سے قبل دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کا جو عزم ظاہر کیا ہے‘ وہ اسی وقت پورا ہو سکتا ہے کہ جب کانفرنس میں ہونے والے معاہدوں اور اعلانات پر پوری نیک نیتی اور شفافیت کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے۔