ذیابیطس کا خوفناک پھیلاؤ
دنیا بھر میں ہر سال 14 نومبر کو ذیابیطس کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ پاکستان کیلئے یہ دن غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہاں یہ مرض خطرناک رفتار سے پھیل رہا ہے۔ انٹرنیشنل ڈائبٹیز فیڈریشن کی گزشتہ سال کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 20 سے 79 سال کی عمر کے تقریباً تین کروڑ 45 لاکھ افراد ذیابیطس کا شکار ہیں۔ مریضوں کی مجموعی تعداد میں پاکستان دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے‘ تاہم بالغ آبادی میں مرض کی شرح کے اعتبار سے دنیا میں سب سے آگے ہے۔ رپورٹ کے مطابق بروقت اقدامات نہ کرنے کی صورت میں 2050ء تک پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 7کروڑ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ یہ اعدادوشمار اس جاں گسل مرض سے بچاؤ کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ذیابیطس کے عالمی دن کو رسمی تقاریب تک محدود رکھنے کے بجائے قومی سطح پر عملی اقدامات کا نقطۂ آغاز بنایا جائے۔ یہ کام آگاہی سے شروع ہونا چاہیے کیونکہ ہمارے ہاں صحت کے اکثر مسائل آگاہی نہ ہونے سے بڑھ رہے ہیں۔ طبی ماہرین ذیابیطس کے حوالے سے خوراک‘ جسمانی کارکردگی اور لائف سٹائل پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہیں؛ چنانچہ ضروری ہے کہ عوام کو اس حوالے سے آگاہ کیا جائے۔ ساتھ ہی ذیابیطس کے مریضوں کو انسولین اور ضروری ادویات کی دستیابی بھی یقینی بنانی چاہیے۔