اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نئے صوبوں کی حمایت

رائے عامہ کے ایک تازہ جائزے کے مطابق چاروں صوبوں کے عوام کی واضح اکثریت ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کے حق میں ہے اور یہ سمجھتے ہیں کہ چھوٹے صوبے سے طرزِ حکمرانی بہتر‘ ترقیاتی عمل تیز اور سرکاری خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔ میریڈین نیشنل بیرو میٹر 2026ء سروے کے مطابق نومبر 2022ء کے مقابلے میں نئے صوبوں کی حمایت 23 فیصد پوائنٹس بڑھ گئی ہے۔ 2022ء میں 54 فیصد عوام مزید صوبے بنائے جانے کی حمایت کرتے تھے مگر اب یہ شرح 77 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔ سروے کے مطابق سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت سب سے زیادہ‘ 80 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ پنجاب میں 78 فیصد‘ خیبر پختونخوا میں 75 فیصد اور بلوچستان میں 72 فیصد شہریوں نے نئے صوبوں کی حمایت کی ہے۔ سروے کے نتائج سے یہ انکشاف بھی ہوتا ہے کہ عوام کی اکثریت اس تجویز کی بھی حامی ہے کہ ان کا اپنا ضلع بھی نئے صوبے کا حصہ بنے۔ مجموعی طور پر 73 فیصد افراد نے اس تجویز کی حمایت کی ہے اور یہ رجحان واضح کرتا ہے کہ شہری ایسی انتظامی تبدیلیوں کے خواہشمند ہیں جن کے اثرات براہِ راست اُن کی اپنی آبادیوں اور علاقوں پر مرتب ہوں۔

سروے کے دوران صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان نئے صوبوں کے قیام کی بڑھتی ہوئی حمایت کی ایک بڑی وجہ بن کر سامنے آیا ہے۔ تقریباً 82 فیصد رائے دہندگان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومتیں ان کے اضلاع کی ترقیاتی ضروریات پوری کرنے میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہیں۔ 83 فیصد افراد کا ماننا ہے کہ نئے صوبے بننے سے سرکاری دفاتر تک پہنچنے کے لیے درکار سفر کا وقت کم ہو جائے گا‘ 79 فیصد افراد کو توقع ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے اضلاع کی ترقی کے لیے مالی وسائل میں اضافہ ہوگا اور 77 فیصد افراد کا خیال ہے کہ اس اقدام سے پولیس کی عوامی شکایات پر ردعمل دینے کی صلاحیت بہتر ہو گی۔ سروے کے مطابق نوجوان طبقے میں نئے صوبوں کے قیام کی سب سے زیادہ حمایت پائی جاتی ہے۔ 18 سے 29 برس کے 83 فیصد افراد نئے صوبوں کے حامی ہیں۔ جبکہ 30 سے 44 برس کی عمر کے افراد میں 82 عوام نئے صوبوں کی حمایت کرتے ہیں۔ مذکورہ سروے ملک گیر سطح پر نئے صوبوں کے حق میں پائی جانے والی عوامی رائے کو جاننے کا ایک مؤثر اور تازہ ترین وسیلہ ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام کی واضح اکثریت اس حقیقت کو درست طور پر جانتی ہے کہ ملک میں صوبوں کا بے تحاشا پھیلاؤ مسائل کی دلدل بن چکا ہے‘ اور ان مسائل سے نکلنے کا درست طریقہ یہی ہے کہ ہم بھی اسی راستے پر چلیں جس پر دنیا بھر کے ممالک چلتے ہیں اور جب یہ دیکھتے ہیں کہ صوبوں کا حجم آبادی میں اضافے کی ایک حد سے آگے نکل رہا ہے تو وہ صوبوں کو تقسیم کر کے نئے انتظامی یونٹس تشکیل دیتے ہیں۔

ایک ہم ہی ہیں جو پون صدی سے چار صوبوں کو جوں کا توں رکھنے پر بضد ہیں‘ یہ جاننے کے باوجود کہ اس نظام اور انتظامی تشکیل کے ساتھ ترقی کی مطلوبہ رفتار حاصل نہیں کی جا سکتی‘ نہ وسائل کی فراہمی میں مساوات ممکن ہے۔ حکمرانوں کی ترجیح اول ان کے مراکزِ اقتدار ہیں اور اقتدار کی راجدھانیوں سے کوئی شہر یا دیہات جتنا دور ہے‘ اتنا ہی پسماندہ۔ وقت آ گیا ہے کہ اس صورتحال کو تبدیل ہونا چاہیے۔ پاکستان کی آبادی 26 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے اور آبادی کے لحاظ سے ہمارا ملک دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ذرا یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ آبادی میں ہم سے ایک دو درجے اوپر یا ایک دو درجے نیچے کے ممالک میں انتظامی یونٹس یا صوبوں کی تعداد کیا ہے؟ ان میں سے ہر ایک میں صوبوں کی تعداد ملک عزیز سے کم از کم چار پانچ گنا زیادہ ہے۔ صوبوں کی تعداد کو جوں کا توں رکھنا کوئی ایسا قومی مفاد پورا نہیں کر رہا کہ اس کے سامنے ہر اس بدیہی حقیقت کو نظر انداز کر دیا جائے جس کا تعلق ملک اور عوام کے حقیقی مفاد سے ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں