اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

دہشت گردوں کے خلاف کارروائی

افواجِ پاکستان نے دو روز میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں خیبرپختونخوا کے علاقوں اورکزئی اور میر علی میں 43 خوارج اور بلوچستان میں ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں فتنہ الہندوستان کے 31 دہشتگردوں کو ہلاک کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں میں دہشتگردوں کیخلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اگرچہ دہشتگردی کے بڑھتے واقعات امن و امان اور ملکی معیشت کیلئے سنگین خطرہ ہیں‘ مگر یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ دہشتگرد اپنی شرانگیز کارروائیوں سے وقتی طور پر تو نقصان پہنچا سکتے ہیں مگر ان کی شکست نوشتۂ دیوار ہے۔ یہ حقیقت اب کسی سے پوشیدہ نہیں رہی کہ بھارت معرکہ حق میں ہونے والی ہزیمت اور ناکامیوں کا بدلہ لینے کیلئے پاکستان میں پراکسی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے اور اس مقصد کیلئے افغان سرزمین کو لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

افغان عبوری حکومت بھارت کی کٹھ پتلی بنی ہوئی ہے اور اپنی سرحدی ذمہ داریوں کو نبھانے سے قاصر ہے۔ اس صورتحال میں ضروری ہو جاتا ہے کہ دشمن عناصر اور انکے سرپرستوں کیخلاف مزید متحرک‘ منظم اور مستعد پالیسی اختیار کی جائے۔ دہشتگردی کیخلاف عسکری آپریشنز کو تیز کرنے کیساتھ ساتھ ایک منظم‘ ٹھوس اور طویل المیعاد سیاسی منصوبہ بندی بھی ناگزیر ہے۔ ٹارگٹڈ آپریشنز سے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو توڑا جا سکتا ہے لیکن اس ناسور کو جڑ اکھاڑ پھینکنے کے لیے اُن فکری‘ معاشی اور سیاسی محرکات کا بھی خاتمہ کرنا ہو گا جو نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف راغب کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں