شعبۂ صحت کی زبوں حالی
گورنر ہاؤس پشاور میں صوبے کے شعبۂ صحت سے متعلق دی گئی ایک سرکاری بریفنگ کے مطابق صوبے میں 200سے زائد مختلف نوعیت کے سرکاری طبی مراکز غیر فعال پڑے ہیں جبکہ فعال مراکز بھی ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی کمی سمیت متعدد مسائل سے دوچار ہیں۔ چار کروڑ سے زائد آبادی کیلئے محض 8024ڈاکٹر دستیاب ہیں‘ یعنی تقریباً پانچ ہزار سے زائد افراد کیلئے ایک ڈاکٹر موجود ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں بستروں کی قلت بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ یہ اعدادوشمار صوبے میں صحت کی ناکافی سہولیات کی واضح عکاسی کرتے اورفوری عملی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ ملک بھر میں شعبۂ صحت کو کم و بیش اسی نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے۔ ہر سال صحت کیلئے مختص کیے جانے والے بجٹ اور اسکے استعمال کا جائزہ لیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں وہ اہمیت نہیں رکھتی جس کی ضرورت ہے۔

صحت کے شعبے کو نظرانداز کرنے کا براہِ راست نقصان عام شہریوں کو اٹھانا پڑتا ہے‘ جو مہنگے نجی ہسپتالوں میں علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ موجودہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ شعبۂ صحت کی بہتری کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرے۔ غیر فعال طبی مراکز کو فوری طور پر فعال کرنے کیساتھ وہاں آبادی کے تناسب سے ڈاکٹروں‘ نرسوں اور دیگر طبی عملے کی تعیناتی اور ادویات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔