اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نئے صوبوں کی پیش رفت

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے ۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ سیاسی حلقوں کے تحفظات بھی بڑی حد تک دور ہو چکے ہیں۔ یہ صورتحال نئے صوبوں کے قیام کے مقصد اورقومی مفاد کے لیے خوش آئند ہے۔ ماضی میں ہمارے ہاں قومی اہمیت کے معاملات کو جس طرح سیاسی مصلحتوں اور تحفظات کی نذر کیا جاتا رہا ہے اس سے ملک کو کم نقصان نہیں پہنچا۔ اگر سیاسی جماعتیں اب بھی اس قومی ضرورت کا احساس نہیں کرتیں تو یہ رویہ ملک و قوم کے مفاد کے منافی ہوگا۔ نئے انتظامی یونٹس کا قیام پاکستان کے لیے ہر لحاظ سے خوش آئند ثابت ہو سکتا ہے ؛چنانچہ اس عمل کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی ضرورت کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس معاملے پر سنجیدہ غور و فکر کرنا چاہیے تاکہ وسیع تر اتفاقِ رائے پیدا ہو۔ حالیہ دنوں عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کے انعقاد کی باتیں بھی سننے میں آ رہی ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے بھی اس معاملے پر بات چیت کا عندیہ دیا گیا ہے۔ یہ صورتحال حوصلہ افزا ہے اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ بادی النظر میں یہ پیش رفت ملک میں جاری سیاسی بحران سمیت متعدد مسائل کے حل کی جانب ایک سنجیدہ اور عملی قدم ثابت ہو سکتی ہے جس کی ہمارے ملک کو اس وقت اشد ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کا قیام اور اس پر سیاسی اتفاقِ رائے کا ماحول ملک کے لیے ایک نئی شروعات اور سیاسی قوتوں کے درمیان مفاہمت کا اہم موقع بن سکتا ہے۔

نئے صوبوں کے قیام کا مقصد محض انتظامی نقشے میں تبدیلی نہیں بلکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر حکمرانی‘ فوری انصاف‘ بنیادی سہولیات اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔بڑے صوبوں کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہری اکثر یہ شکایت کرتے ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں‘ صحت‘ تعلیم اور روزگار کے مواقع میں انہیں وہ توجہ نہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہیں۔ نئے صوبے بننے سے انتظامی توجہ ان علاقوں کی طرف بڑھ سکتی ہے اور مقامی سطح پر فیصلے کرنے کا اختیار بھی زیادہ مؤثر انداز میں منتقل ہو سکتا ہے۔ اس وقت جب عوام کے اپنے مسائل کی فہرست طویل ہے اور ملکی مسائل اس کے علاوہ ہیں‘ سیاسی جماعتوں پر عوامی اعتماد کو بھی شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ مہنگائی‘ بے روزگاری‘ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور معاشی مشکلات نے عام آدمی کی زندگی کو پہلے ہی مشکل بنا رکھا ہے۔ ایسے میں عوام کو سیاسی نعروں کے بجائے عملی اقدامات اور ایسے فیصلوں کی ضرورت ہے جن کے ثمرات انہیں اپنی روزمرہ زندگی میں محسوس ہوں۔ نئے صوبوں کا معاملہ اسی جذبے کے تحت آگے بڑھایا جائے تو یہ سیاسی جماعتوں پر عوامی اعتماد کی بحالی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے بجا کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے کسی کی سیاست کو خطرہ نہیں۔ حقیقت بھی یہی ہے کہ انتظامی بہتری اور عوامی سہولت کو کسی سیاسی جماعت کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل سے عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکتی ہیں تو سیاسی قوتوں کو اس کی حمایت کرنی چاہیے۔

کسی جماعت کو یہ خدشہ نہیں ہونا چاہیے کہ نئے صوبوں کے قیام سے اس کا سیاسی اثر و رسوخ کم ہو جائے گا۔ قومی مفاد کو سیاسی مفادات پر ترجیح دینا ہی بالغ نظری اور جمہوری رویے کی علامت ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سیاسی جماعتیں اب اس نتیجے پر پہنچ رہی ہیں کہ نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو اس وقت سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی اتفاقِ رائے‘ انتظامی اصلاحات اور عوامی فلاح کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ سیاسی اتفاقِ رائے کے ساتھ نئے صوبوں کا قیام اسی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہوسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں