کفایت شعاری ۔۔؟
وزارتِ خزانہ کی دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران وفاقی حکومت کے اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر 28.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ اخراجات 161 ارب 18کروڑ روپے تھے جو رواں مالی سال 206 ارب 64کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔ حکومت کی جانب سے کفایت شعاری اور قومی وسائل کے محتاط استعمال کے دعوؤں کے باوجود اخراجات میں مسلسل اضافے کا رجحان تشویش کا باعث ہے۔ مالی سال 2021-22ء میں حکومتی اخراجات 547 ارب روپے تھے جو 2024-25ء میں 892 ارب روپے ہو گئے جبکہ رواں مالی سال اس مقصد کیلئے 1071 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سرکاری محکموں کی تعداد‘ عملے کی نفری اور ان محکموں اور انکی افرادی قوت کی عملی کارکردگی میں بُعد طرفین پایا جاتا ہے۔

بعض امور جو اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کو منتقل ہو چکے‘ وفاقی سطح پر بھی انکے محکمے موجود ہیں۔ ملکی خزانے کی بچت کیلئے ایسے غیرضروری محکموں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ اسی طرح کابینہ کے حجم اور کارکردگی کا آڈٹ بھی ہونا چاہیے۔ آبادی‘ رقبے‘ عالمی اثر و رسوخ اور معیشت کے اعتبار سے ہم سے کہیں بڑے ممالک اگر ہماری نسبت آدھی کابینہ کیساتھ اپنا نظام چلا سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں؟حکومت کو غیرضروری اخراجات کم کرکے یہی وسائل عوام پر خرچ کرنے چاہئیں۔