پنجاب میں آبی بحران
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کی رپورٹ ’’واٹر اینڈ لینڈ اکاؤنٹنگ اِن پنجاب‘‘ کے مطابق صوبے میں زیر زمین پانی کے ذخائر تیزی سے سکڑ رہے ہیں جبکہ تقریباً تمام شعبوں میں پانی کی طلب دستیاب رسد سے تجاوز کر چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے کے زیرِ زمین پانی کے ذخائر میں سالانہ تقریباً پانچ ارب پچاس کروڑ مکعب میٹر کمی واقع ہو رہی ہے۔ دوسری جانب دریائی اور دیگر سطحی آبی وسائل بھی مسلسل دباؤ کا شکار ہیں۔ پانی کی قلت کا سب سے زیادہ اثر زرعی شعبے پر پڑنے کا خدشہ ہے کیونکہ ملک میں پانی کے مجموعی استعمال کا 90 فیصد سے زیادہ حصہ زراعت میں صرف ہوتا ہے‘ جبکہ شہری آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور صنعتی سرگرمیاں بھی اس بحران سے محفوظ نہیں رہیں گی۔ زیر زمین پانی میں مسلسل کمی کی ایک بڑی وجہ زرعی شعبے میں فرسودہ طریقہ آبپاشی اور پانی کا غیر مؤثر استعمال ہے۔

سیلابی طریقۂ آبپاشی کے باعث پانی کا بڑا حصہ ضائع ہو جاتا ہے۔ اس لیے ڈرپ اور سپرنکلر جیسے جدید طریقہ ہائے آبپاشی کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ اسی طرح گھریلو سطح پر بھی پانی کی بچت بہت ضروری ہے۔ اگرچہ ملک میں قومی آبی پالیسی 2018ء میں منظور ہو چکی ہے لیکن اصل ضرورت اس پر مؤثر عملدرآمد اور وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنانے کی ہے۔ آبی قلت پر قابو پانے کیلئے حکومت کو نئے آبی ذخائر کی تعمیر‘ زیرِ زمین پانی کی قدرتی بحالی اور استعمال شدہ پانی کو صاف کرکے دوبارہ قابلِ استعمال بنانے پر توجہ دینا ہو گی۔