علاقائی تعاون برائے ترقی وخوشحالی
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پُرامن‘ مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے‘ تاہم اس بامعنی علاقائی پیش رفت کیلئے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات بالخصوص دہشت گردی کے خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہو گا۔ وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں عالمی اور علاقائی منظرنامے میں خطے کی معاشی ترقی کا جو روڈمیپ پیش کیا ہے وہ اس حقیقت کی غمازی کرتا ہے کہ معاشی ترقی اور امن ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ اگر خطے میں امن و استحکام ہو گا تو پورا خطہ مربوط ہو کر ترقی کرے گا‘ بصورتِ دیگر معاشی امکانات کے باوجود ترقی کا سفر ادھورا رہے گا۔ پاکستان نے 60ء کی دہائی میں ترقی کیلئے علاقائی تعاون کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے 1964ء میں ایران اور ترکی کے ساتھ مل کر علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) کی بنیاد رکھی‘ جسے 1985ء میں نئے سرے سے منظم کر کے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا نام دیا گیا۔ 1992ء میں وسطی ایشیا کی نئی آزاد ہونے والی چھ ریاستوں اور افغانستان نے بھی اس میں شمولیت اختیار کر لی۔ آج یہ تنظیم دس رکن ممالک اور پچاس کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ایک ایسے خطے کی نمائندگی کرتی ہے جو قدرتی وسائل‘ توانائی کے ذخائر اور جغرافیائی اہمیت کے لحاظ سے دنیا کا امیر ترین خطہ بننے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے‘ لیکن بدقسمتی سے باہمی تجارت کا حجم اب بھی اپنی اصل استعداد سے کہیں کم ہے۔

وجہ ہے باہمی رابطہ کاری کا فقدان‘ دہشت گردی اور سرحدی مسائل۔ پاکستان نے آئندہ دو سال کیلئے اس تنظیم کی صدارت سنبھالتے ہوئے پانچ ترجیحات مقرر کی ہیں‘ جن میں تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ‘ علاقائی روابط کی مضبوطی‘ ای سی او تجارتی معاہدے کو عملی جامہ پہنانا‘ قدرتی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانا اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا شامل ہیں۔ یہ پانچوں نکات خطے میں معاشی انقلاب برپا کر سکتے ہیں‘ خشکی میں گھری وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستان کی بندرگاہوں کی صورت میں عالمی منڈیوں تک رسائی کا راستہ مل سکتا ہے‘ اسی طرح تجارتی معاہدے پر عملدرآمد سے خطے کے اندر تجارت کو فروغ مل سکتا ہے۔ تاہم اس معاشی ایجنڈے کی کامیابی کیلئے بنیادی شرط خطے میں امن اور استحکام کا قیام ہے۔ جیسا کہ وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدامنی نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی کے عمل کو سبوتاژ کر سکتی ہے۔ اس وقت اس پورے معاشی ایجنڈے کی سب سے کمزور کڑی افغانستان ہے‘ جو داخلی عدم استحکام کے سبب اپنے ہمسایہ ممالک کیلئے بھی ایک بڑا خطرہ بنا ہوا ہے۔ اس کی سرزمین علاقائی ممالک میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔ ایسے میں کوئی بھی بیرونی سرمایہ کار کیونکر اربوں ڈالر کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کرنے کا خطرہ مول لے سکتا ہے۔
وزیرخارجہ نے کھلے دل سے افغانستان کو آفر کی ہے کہ جس دن افغانستان دہشت گردی کے خلاف ایکشن لے گا‘ پاکستان دو قدم آ گے بڑھے گا۔ اب افغان عبوری حکومت کو یہ ادراک کرنا ہو گا کہ خطے کی خوشحالی میں حصہ دار بننے اور عالمی برادری میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کرے اور پڑوسی ممالک کے تحفظات کا عملی اقدامات کے ذریعے ازالہ کر کے ترقی کے اس سفر میں شریک ہو۔ پاکستان نے پورے خطے کیلئے ایک واضح اور قابلِ عمل معاشی ویژن پیش کر دیا ہے۔ اب یہ رکن ممالک بالخصوص افغانستان کی قیادت پر منحصر ہے کہ وہ خطے میں عدم استحکام کے فروغ کی حمایت کرتی ہے یا پھر معاشی تعاون کے اس کارواں کا حصہ بننے کو ترجیح دیتی ہے۔