اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سائبر حملوں کا بڑھتا خطرہ

اسلام آباد میں منعقدہ سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ میں عالمی سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں 94 لاکھ سے زائد سائبر حملے ہوئے۔ 63لاکھ سے زائد حملے ڈیوائسز پر ہوئے جبکہ 31لاکھ سے زیادہ ویب حملے ہوئے۔ ان میں فشنگ‘ جعلی ویب سائٹس اور نقصان دہ فائلوں کے ذریعے حساس ڈیٹا چرانے کی کوششیں شامل تھیں۔ عام شہریوں سے لے کر اہم قومی اداروں تک کوئی بھی ان حملوں کا ہدف بن سکتا ہے۔ ایسے حالات میں سائبر سکیورٹی کو محض تکنیکی مسئلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی اور معاشی استحکام کا معاملہ سمجھنا ہو گا۔

حکومت کو چاہیے کہ بڑھتے سائبر حملوں کے خطرات کے پیشِ نظر سرکاری اداروں‘ بینکوں‘ ٹیلی کام کمپنیوں اور اہم قومی تنصیبات کے ڈیجیٹل نظام کا باقاعدگی سے سکیورٹی آڈٹ کرائے۔ سائبر حملوں کی فوری نشاندہی اور تدارک کیلئے جدید مراکز قائم کیے جائیں۔ عوام کو بھی چاہیے کہ مشکوک لنکس کھولنے‘ غیر مصدقہ ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے اور نامعلوم ذرائع سے موصول ہونیوالی فائلیں استعمال کرنے سے گریز کریں۔آئی ٹی کا شعبہ پاکستان کا سب سے زیادہ تیزی سے بڑھتا ہوا شعبہ ہے مگر ڈیجیٹل ترقی کے ثمرات اسی وقت حاصل کیے جا سکتے ہیں جب شہریوں کی نجی معلومات‘ قومی اداروں اور ملکی معیشت کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں