اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

قومی استحکام کا ایجنڈا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی رہنماؤں کو اختلافات بھلا کر معاشی بحران سے نکلنے کے ایجنڈے پر یکجا ہونے کی جو تجویز دی ہے فی زمانہ ملک کے بہت سے سیاسی اور معاشی مسائل کا حل پیش کر سکتی ہے۔ ہمارے ملک کی سیاسی تاریخ کا بغور مطالعہ کیا جائے تو مسائل اور بحران وسائل کی کمیابی یا انسانی اختیار سے بالاتر حالات کی وجہ سے نہیں بلکہ اس سیاسی رویے کی وجہ سے ہیں جس نے ملک میں جمہوری سوچ کو پروان نہیں چڑھنے دیا۔ دنیا جہاں میں مدمقابل سیاسی جماعتوں میں اختلافِ رائے موجود ہوتا ہے مگر کہیں بھی نظریاتی اختلاف کو ذاتیات کی سطح پر لانے کی ضرورت محسوس نہیں کی جاتی۔ یہ اختصاص صرف ہمارے یا ہمارے جیسے دیگر ممالک کے سیاسی رہنماؤں کا ہے کہ فریق مخالف کی ہر بات کو منفی انداز میں لیا جاتا اور اس کے مثبت پہلوؤں کو ہر ممکن طریقے سے رد کیا جاتا ہے۔ اس سوچ کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہمارے ہاں سیاسی مکالمے کا رواج نہیں پڑ سکا۔ نہ سیاسی رہنماؤں میں نہ ان کے طرف داروں میں۔ یہ بات افسوس کرنے کی ہے کہ جن شخصیات نے سماج کی تربیت کرنی اور مثالی نمونہ پیش کرنا ہوتا ہے وہی اراکین سماج کے اخلاقیات بگاڑنے میں پیش پیش ہوتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر سیاسی پیروکاروں کی جانب سے دوسروں کیلئے غیر اخلاقی لب و لہجہ معمول ہے اور ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی پارٹی کی قیادت کی جانب سے کسی دوسری جماعت یا شخصیت کے بارے بات چیت میں اخلاق کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہو۔ سیاسی جماعتیں اپنے اس طرزِ عمل پر غورکریں اور اس کے حاصل جمع کا حساب کریں تو یقینا انہیں اس روایت کو خیرباد کہہ کر سیاسی اور جمہوری روایتوں کی پاسداری کے نئے دور کا آغاز کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہو گی۔ مگر بڑا سوال یہ ہے کہ ایسا کرے گا کون؟ یہ بڑا سوال اس لیے ہے کہ ہمارے رہنماؤں کی اکثریت اصول وضوابط کے بجائے شخصی انا کی اسیر ہے اور خود احتسابی اور جوابدہی کیلئے جس وسعت قلبی‘ طبعی توازن اور انصاف پسندی کی ضرورت ہوتی ہے وہ ہمارے ہاں جنسِ نایاب ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اچھے اچھے بھاشن سبھی دیتے ہیں مگر ان اچھی باتوں کو اپنانے کیلئے بارش کا پہلا قطرہ بننے کو کوئی تیار نہیں ہوتا۔ بلاول بھٹو نے حالیہ ایک‘ دو تقریروں میں یہ شکوہ بھی کیا ہے کہ سیاستدانوں میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت ختم ہو چکی ہے۔ سچی بات یہ ہے کہ ایسی کوئی روایت یہاں تھی ہی نہیں۔ کسی حکمران نے کبھی عوام کے مسائل پر توجہ کا کوئی قابلِ ذکر کام کر دیا تو اسے ایک الگ تھلگ واقعہ تو کہا جا سکتا ہے روایت نہیں۔ مگر اس میں دو رائے نہیں کہ اس روایت کی اشد ضرورت ہے‘ اور یہ کام سیاسی جماعتوں کے اتفاق واتحاد کا تقاضا کرتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی اس بظاہر بھاری پتھر کو اٹھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس وقت وہ وفاقی حکومت کے کلیدی اتحادی ہیں‘ دو صوبوں میں ان کی پارٹی کی حکومت ہے اور تیسرے میں گورنر راج کے آئینی اختیارات کے ساتھ صوبہ ان کے گورنر کے ماتحت ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مسائل کی جانب توجہ مبذول کروانے کی روایت ڈالنے میں کیا کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ جو کہہ رہے ہیں اصولی طور پر درست ہے مگر ان الفاظ سے روایت کی بنیاد ڈالنے کیلئے جو توانائی درکار ہے پیپلز پارٹی کو اس کیلئے بروئے کار آنا چاہیے۔ حزبِ مخالف اور حکومت کے مابین اگر وہ پُل کا کردار ادا کریں تو یہ ایک مضبوط پل ثابت ہو گا اور یقینی طور پر ایک نئی اور اچھی روایت قائم ہو سکتی ہے کہ ہر قسم کے ذاتی ایجنڈوں کو ایک طرف کر کے سیاسی جماعتیں ملک اور اس کے عوام کے حقیقی فائدے کیلئے کمر بستہ ہو جائیں۔ یہ پیش رفت ملک کے اکثر دیرینہ مسائل کا حل ثابت ہو سکتی ہے اور اس سے جمہوری استحکام کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں