اشیائے خورونوش مزید مہنگی
وفاقی ادارۂ شماریات کے مطابق 19نومبر کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے دوران 23اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگی ہونے والی اشیا میں ایل پی جی‘ بجلی‘ آٹا‘ ڈبل روٹی‘ دودھ‘ پیاز اور پناسپتی گھی سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے تمام تر حکومتی دعوؤں کے برعکس اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بتدریج اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کی بیشتر وجوہات میں سب سے اہم حکومتی عدم توجہی ہے۔ روز افزوں مہنگائی نے جس طرح کم آمدنی والے طبقے کے لیے عرصۂ حیات تنگ کیا ہوا ہے اس کے پیش نظر ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حکومت مہنگائی کے تدارک کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تیار کرتی لیکن اس کے برعکس حکومتی کوششیں محض بیان بازی اور وقتی اقدامات تک محدود نظر آتی ہیں۔

پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے متحرک نہ ہونے کی وجہ سے منافع خور عناصر کی بھی چاندی ہے جس کی وجہ سے ہی مقامی طور پر پیدا کردہ غذائی اجناس بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں‘ جس کی سب سے بڑی مثال گندم اور آٹا ہیں۔ ان حالات میں یہ ناگزیر ہو چکا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ایک طویل مدتی منصوبہ بندی کا آغاز کرے۔ منافع خوری کی روک تھام کے ساتھ ساتھ حکومت کو کم آمدنی کے حامل طبقے کی معاشی سکت بڑھانے کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔