بڑھتے حادثات اور ٹریفک مینجمنٹ
پنجاب ایمرجنسی سروس کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبہ بھر میں 1430 سے زائد ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 12 افراد جاں بحق اور 1665 زخمی ہوئے۔ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں ٹریفک حادثات میں بیسویں افراد کا جاں بحق اور سینکڑوں افراد کا عمر بھر کیلئے معذور ہو جانا ایک ایسا قومی المیہ بن چکا ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ٹریفک پولیس کی ذمہ داری صرف چالانوں کا ہدف پورا کرنے اور بھاری جرمانے عائد کرنے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک مینجمنٹ سے متعلقہ مسائل پس پشت چلے گئے ہیں۔

متعلقہ اداروں کو اپنی بنیادی ذمہ داری یعنی ٹریفک کی روانی‘ لین اور ڈسپلن کی پابندی‘ اوور لوڈنگ کی روک تھام اور خطرناک مقامات پر بروقت رہنمائی کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ حادثات کی شرح کو نیچے لایا جا سکے۔ ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں دھند کے آغاز کے ساتھ ہی بڑی شاہراہوں پر حادثات کے خدشات کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ دھند کے دوران حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے معمولی غفلت بھی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔ لہٰذا پیشگی اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ ناگزیر ہے۔ ضروری ہے کہ شاہراہوں پر فوگ لائٹس‘ ریفلیکٹرز کی تنصیب اور دھند سے متعلق دیگر پابندیوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک حادثات کی مؤثر روک تھام ہو سکے۔