اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نئے صوبوں کا معاملہ

نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے حوالے سے معاملات میں تیزی نظر آتی ہے اور اس حوالے سے عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کے انعقاد پر سیاسی حلقوں میں گفتگو کا سلسلہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز کی ایک خبر کے مطابق سیاسی جماعتوں کو یہ باور کروایا جا رہا ہے کہ جب تک عوام براہِ راست ریفرنڈم کے ذریعے اپنا فیصلہ نہ دیں صوبائی اسمبلی کے اراکین کی رائے کو عوامی رائے نہیں سمجھا جا سکتا۔ سیاسی جماعتوں میں بھی نئے صوبوں کے متعلق رائے بظاہر واضح ہوتی نظر آتی ہے۔ حالیہ دنوں کئی حکومتی وزرا کی جانب سے بھی ریفرنڈم اور نئے صوبوں کے حق میں بیانات سننے کو ملے۔ اسی طرح حزبِ اختلاف کی جانب سے بھی۔ پی ٹی آئی کے قائدین ریفرنڈم اور نئے صوبوں کی حمایت میں اپنا ذہن پہلے ہی واضح کر چکے ہیں۔ حال ہی میں جماعت اسلامی کی جانب سے بھی اس معاملے پر اصولی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ یہ پیش رفت نئے صوبوں کے مطالبے کی اہمیت اور احساس کو واضح کرتی ہے۔ ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں اس مطالبے کی افادیت اور ضرورت کو سمجھیں‘ اسے اَنا کا مسئلہ نہ بنائیں‘ نہ ہی نئے صوبوں کو اپنی سیاست کے لیے خطرہ تصور کریں۔

سیاسی جماعتوں کے اس وہم اور بے اعتمادی کی وجہ سے ماضی میں بہت سے وہ اقدامات نہیں ہو سکے جو ملک میں جمہوریت کی ترقی کے لیے ضروری تھے۔ اس کے نتیجے میںجمہوری استحکام کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوا۔ نہ جمہوری ادارے مضبوط ہو سکے اور نہ سیاسی قیادت آرگینک طریقے سے پنپ سکی۔ ماضی جیسے تیسے گزر گیا مگر آنے والے وقت میں ملک اس سیاسی نرگیست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہمالیائی مسائل سے مزید چشم پوشی کی گنجائش نہیں۔ پاکستان کو اس پٹری پر ڈالنا ناگزیر ہو چکا ہے جو ریاست اور عوام کے حقیقی پوٹینشل کو بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرے۔ دنیا کے سبھی جمہوری معاشروں میں باصلاحیت لوگ سیاسی قیادت میں آگے آتے ہیں کیونکہ ان کا سسٹم ان کو اس کے لیے موافق ماحول فراہم کرتا ہے۔ ملکِ عزیز میں اگر ایسا نہیں ہو رہا تو اس کا الزام کسی جماعت یا شخصیت کو دینے کے بجائے اس سسٹم کی اصلاح کرنا ہوگی اور سیاسی جماعتوں کو اس میں رکاوٹ بننے سے احتراز کرنا چاہیے۔ ریفرنڈم کا عمل‘ جیسا کہ کہا جا رہا ہے‘ اگر ہوتا ہے تو اس لحاظ سے خوش آئند ہو گا کہ عوام براہِ راست اہم قومی معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کر سکیں گے۔ سیاسی قیادت کو عوامی رائے کا سامنا کرنے کیلئے خود کو تیار کرنا چاہیے۔

یہ خود ان جماعتوں کے مفاد میں ہے۔ نئے صوبوں کا مطالبہ ان دیرینہ اور پیچیدہ مسائل سے اُٹھا ہے جن کا سامنا اس ملک کے عوام پون صدی سے کرتے چلے آ رہے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ غربت‘ مہنگائی‘ معاشی ادبار‘ سماجی بدنظمی اور ترقی کے امکانات کو درپیش مسائل کو درست طور پر سمجھنے کی صلاحیت پید اکی جائے۔ نئے انتظامی یونٹس جہاں صوبوں کے اس بے کراں حجم کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کریں گے تو آبادی کے وہ مسائل بھی تقسیم درتقسیم ہو کر اتنے بھاری اور بے قابو نہیں رہ جائیں گے کہ ان سے نمٹنا مشکل ہو جائے۔ آج اگر ملک میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں تو یہ چار صوبائی حکومتوں پر بوجھ ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کی صورت میں یہ بوجھ فی صوبہ کروڑوں میں نہیں لاکھوں بلکہ ممکن ہے بعض صوبوں میں ہزاروں تک آ جائے۔ یوں کسی صوبے کے لیے بھی اس چیلنج سے نمٹنا ناممکن نہیں ہو گا۔ اسی طرح بچوں میں کم غذائیت کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریاں‘ صحت کے دیگر مسائل اور انسانی ترقی کی راہ میں درپیش رکاوٹیں ہیں۔ سیاسی تدبر کا تقاضا ہے کہ نئے صوبوں کو ایک مخصوص عینک کے بجائے وسیع تر قومی تناظر میں دیکھا جائے اور سمجھنے کی کوشش کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں