اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پاک چین خلائی تعاون

پاکستان اور چین کی لازوال دوستی جسے ہمالیہ سے بلند‘ سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھا قرار دیا جاتا ہے‘ اب زمین کے کناروں سے نکل کر خلا کی وسعتوں کو چھونے لگی ہے۔ گزشتہ روز چین کے جیوچوان سیٹیلائٹ لانچ سنٹر میں شین ژو 24 خلائی جہاز کی لانچنگ مشق کی کامیاب تکمیل محض ایک تکنیکی پیش رفت نہیں بلکہ پاک چین سٹرٹیجک شراکت داری کا ایک نیا باب ہے۔ اس تاریخی مشن کے ذریعے رواں ماہ پہلا پاکستانی خلا باز چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ پر قدم رکھے گا‘ جو نہ صرف پاکستان کیلئے ایک اہم پیشرفت ہو گی بلکہ چین کا خلائی سٹیشن بھی پہلے غیر ملکی خلاباز کی میزبانی کرے گا۔ اس مشن کیلئے دو پاکستانی پائلٹس لانچنگ مشن میں پیشہ ورانہ امور انجام دے رہے ہیں۔

خلائی سٹیشن پر قیام کے دوران پاکستانی خلا باز مائیکرو گریویٹی اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستانی سائنسدانوں کے تیار کردہ سائنسی تجربات انجام دے گا‘ جو غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلی کے شعبوں میں مفید ثابت ہوں گے۔ یہ پیشرفت اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستان اب خلائی تحقیق اور جدید سائنس کے میدان میں عملی قدم رکھ چکا ہے اور یہ پروجیکٹ پاکستان کی نسلِ نو کیلئے سائنس‘ ٹیکنالوجی اور جدید خلائی تحقیق کے دروازے کھولنے کا سبب بنے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے تعلیمی ادارے بھی اس تاریخی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور ملک میں سائنسی تحقیق کے کلچر کو مزید فروغ دیں تاکہ پاکستان خلائی تسخیر کے میدان میں خود کفالت کی منزلیں طے کر سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں