اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

غیرمعیاری ایل پی جی باؤزر

ایک خبر کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی نقل و حمل کیلئے استعمال ہونیوالے تقریباً دو ہزار باؤزرز میں سے 1200 نیشنل ایکسپلوسیو اینڈ پٹرولیم سیفٹی ایجنسی کے مقرر کردہ حفاظتی معیارات پر پورا نہیںاترتے ۔ گویا تقریباً 60 فیصد باؤزرز ایسے ہیں جو کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ رواں سال ایل پی جی باؤزرز پھٹنے کے تین واقعات میں 19 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ باؤزرز کے علاوہ غیرمعیاری ایل پی جی سلنڈر بھی حادثات کی بڑی وجہ ہیں۔ حکومت کو اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایل پی جی پلانٹ مالکان کو صرف مقررہ حفاظتی معیار کے حامل باؤزرز استعمال کرنے کا پابند بنانا چاہیے ۔ غیرمعیاری باؤزرز کو فوری طور پر سڑکوں سے ہٹایا جائے اور انہیں مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کے بعد ہی دوبارہ استعمال کی اجازت دی جائے۔

تمام باؤزرز کی باقاعدہ تکنیکی جانچ‘ رجسٹریشن‘ ٹریکنگ اور مقررہ مدت کے بعد دوبارہ سرٹیفکیشن لازمی قرار دی جائے۔ اسی طرح گھریلو سلنڈر بنانیوالی کمپنیوں کیلئے بھی معیار مقرر کیے جائیں۔ ہر سلنڈر پر شناختی نمبر‘ بارکوڈ اور معیار کی تصدیق ضرو ہونی چاہیے۔ غیرمعیاری سلنڈروں کی فروخت اور استعمال پر پابندی لگائی جائے اور انکی باقاعدہ جانچ کا نظام وضع کیا جائے۔ اسکے علاوہ عوام میں آگاہی پیدا کرنا بھی ضروری ہے کہ شہری صرف معیاری سلنڈر استعمال کریں تاکہ گیس سلنڈر حادثات سے بچا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں