نوجوانوں کیلئے پائیدار پالیسی کی ضرورت
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ایک جمہوری ری سیٹ ناگزیر ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اپنی تاریخ کے ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے‘ جہاں آبادی کا تناسب اسے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ایک منفرد مقام عطا کرتا ہے۔ 2023ء کی ڈیجیٹل مردم شماری کے مطابق پاکستان کی کُل آبادی کا تقریباً 79فیصد 40برس سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ آبادیات کے حالیہ رجحان کے تناظر میں یہ تناسب آنے والے عشروں تک برقرار رہے گا اور 2050ء تک ملک کی مجموعی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب دو تہائی سے زائد رہے گا۔ معاشی اصطلاح میں نوجوانوں کی کثیر تعداد کو ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ کہا جاتا ہے‘ تاہم یہ آبادیاتی فائدہ خود بخود حاصل نہیں ہو جاتا بلکہ اس کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی ضرورت ہوتی ہے۔ نوجوان نسل یقینا ملک و قوم کیلئے عظیم سرمائے کی حیثیت رکھتی ہے لیکن اگر اسے درست سمت نہ دی جائے تو یہ معاشی اور سماجی دباؤ کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ لہٰذا اگر ہمیں ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے تو مستقبل کے حوالے سے اپنی منصوبہ بندی کو نوجوان نسل کی امنگوں‘ ضروریات اور صلاحیتوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔

اس وقت بھی پاکستان کی مجموعی لیبر فورس کا غالب حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو زراعت‘ صنعت‘ سروسز جیسی روایتی شعبوں کے علاوہ ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل شعبوں‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فری لانسنگ میں بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ ملک کی آئی ٹی برآمدات میں پیہم اضافے کا بڑا کریڈٹ نوجوان نسل کو ہی جاتا ہے۔ علاوہ ازیں بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ تاہم معاشی ماہرین کا یہ ماننا ہے کہ پاکستان اپنی نوجوان آبادی کی صلاحیتیں ابھی تک مکمل استعداد کے مطابق بروئے کار نہیں لا سکا۔ ملکی معیشت میں ہر سال لاکھوں نوجوانوں داخل ہوتے ہیں مگر ان کو کھپانے کی گنجائش انتہائی محدود ہے‘ جس کے باعث بیروزگاری کی شرح میں مسلسل بڑھتا اضافہ ایک سنگین چیلنج بنا ہوا ہے۔ اس تناظر میں یہ سوال انتہائی اہم ہو جاتا ہے کہ ریاست نوجوان آبادی کی صلاحیتوں کے مؤثر استعمال کیلئے کیا حکمت عملی اپنا رہی ہے۔ آج کا نوجوان عارضی سہولتوں کے بجائے مساوی مواقع‘ معیاری تعلیم‘ جدید ہنر اور باعزت روزگار کا تقاضا کرتا ہے۔ ان سب کے ساتھ وہ فیصلہ سازی اور ملک کے سیاسی نظام میں بھی شرکت کا طلبگار ہے۔ جب نوجوانوں کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ ملکی پالیسیوں کی تشکیل اور سیاسی نظام میں ان کی رائے کی کوئی وقعت نہیں اور اقتدار کے ایوانوں میں ان کو درپیش مسائل پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا جا رہا تو ان میں نظام سے بیگانگی اور مایوسی جنم لیتی ہے۔ یہی مایوسی برین ڈرین اور ترکِ وطن کا سبب بنتی ہے۔ لہٰذا وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوانوں کا ریاستی اور سیاسی نظام پر اعتماد بحال کیا جائے۔
اعتماد کی یہ بحالی محض بیانات سے ممکن نہیں بلکہ اس کیلئے عملی اور ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ مقامی حکومتوں کے نظام کی مؤثر بحالی‘ اس میں نوجوانوں کی بقدر حصہ نمائندگی اور پالیسی ساز اداروں میں نوجوان ماہرین کی شمولیت ایسے اقدامات ہیں جن کے ذریعے نوجوانوں کو نظام کا حقیقی حصہ دار بنایا جا سکتا ہے۔ جب نوجوان خود کو اس نظام کا شراکت دار سمجھیں گے تو وہ ملکی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ یہی حقیقی جمہوری ری سیٹ ہے کہ سیاست میں جمود کو توڑا جائے اور نوجوانوں کو آگے آنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ اگر ہم نے آج سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستقل پالیسیاں نہ بنائیں اور نوجوانوں کو سیاسی و معاشی دھارے میں شامل نہ کیا تو یہ نوجوان نسل جو آج ہمارے لیے ایک بڑا موقع ہے‘ ایک بڑے بحران میں بھی تبدیل ہو سکتی ہے۔