جی ایس پی پلس
پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے یورپی یونین کے جی ایس پی پلس تجارتی پروگرام میں توسیع کیلئے بھرپور حمایت کی جائے گی۔ پاکستان کیلئے یہ یقین دہانی اس لیے اہم ہے کہ جی ایس پی پلس ہماری یورپ کو برآمدات‘ بالخصوص ٹیکسٹائل کی صنعت کیلئے غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اسکے تحت پاکستانی مصنوعات کی ایک بڑی تعداد یورپی منڈی میں درآمدی ڈیوٹی کے بغیر داخل ہو سکتی ہے۔ پاکستان 2014ء سے اس پروگرام کا حصہ ہے‘ اور اس سہولت کے نتیجے میں یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ 2013ء میں یہ برآمدات 3.56 ارب یورو تھیں جو مالی سال2025ء میں بڑھ کر 8.86 ارب یورو ہو گئیں۔

پاکستان کے موجودہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی مدت 2027میں ختم ہونی تھی لیکن نئے فریم ورک کے تحت اسے 31دسمبر 2028تک بڑھا دیا گیا ہے تاہم اس کیلئے 32عالمی کنونشنز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پرتگال یورپی یونین کا رکن ملک ہے اور جی ایس پی پلس کیلئے اسکی تائید پاکستان کیلئے یورپی اداروں کیساتھ سفارتی رابطوں میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ پرتگالی وزیر خارجہ کے دورے کے دوران تجارت‘ سرمایہ کاری‘ زراعت‘ قابلِ تجدید توانائی‘ آئی ٹی‘ تعلیم اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پرتگال کے ساتھ تجارتی روابط مضبوط بنا کر وسیع تر یورپی منڈی میں پاکستانی برآمدات بڑھانے کے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔