افراطِ زر کی صورتحال
وفاقی ادارۂ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 26 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں قلیل مدتی مہنگائی کی سالانہ شرح 9.49 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس دوران 20اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کے مہنگائی میں کمی کے دعوؤں کے برعکس آٹا‘ ایل پی جی‘بجلی‘ خوردنی تیل اور دالوں سمیت بنیادی ضرورت کی متعدد اشیا کی قیمتوں میں بدستور اضافہ جاری ہے۔ گزشتہ 25 روز میں پٹرول تقریباً 83 اور ڈیزل 52 روپے فی لٹر سستا ہونے کے باوجود مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اس تناسب سے کوئی خاطر خواہ کمی نہیں ہوئی۔ نتیجتاً اشیائے خورونوش کی ترسیل کے اخراجات اب بھی زیادہ ہیں جو صارفین کی جیبوں پر بڑا بوجھ ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر فوری طور پر نظرثانی کرے اور ان پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ منڈیوں سے پرچون بازاروں تک قیمتوں کی نگرانی کو مؤثر بنائے‘ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے‘ بالخصوص آٹے کی سرکاری نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔