اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سیاسی ترجیحات اور عوامی مسائل

بلاول بھٹو زرداری کا رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یہ کہنا کہ یہ وقت انتقامی سیاست کا نہیں بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے کا ہے‘ موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال میں بنیادی اور اصل مسائل کی جانب متوجہ کرتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملکِ عزیز کا اس وقت سب سے اہم اور بنیادی ترین مسئلہ معاشی ہے‘ جس کیلئے ملک میں سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے تاکہ اتفاقِ رائے اور قومی آہنگی کے ماحول میں اہم فیصلے کیے جا سکیں۔ تاہم حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوئی سنجیدہ اور باقاعدہ کوشش نظر نہیں آتی‘ اور محاذ آرائی نہ صرف حکومتی کارکردگی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد‘ معاشی استحکام اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے بھی نقصان دہ ہے۔ ملک کو اس وقت عالمی مالیاتی اداروں‘ معاشی دباؤ‘ علاقائی کشیدگی اور بدلتے ہوئے عالمی سیاسی حالات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے ماحول میں سیاسی استحکام سے ملکی مشکلات میں کمی کی امید کی جا سکتی ہے‘ مگر اس کے باوجود سیاسی ہم آہنگی حکومتی ترجیحات میں نظر نہیں آتی۔ اس سلسلے میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کی مثال دی جا سکتی ہے جس کی تشکیل ان دنوں زیر غور ہے اور اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو بھی دعوت دی گئی‘ تاہم معاملہ اب اس نکتے پر اٹک چکا ہے کہ حکومت اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں یکساں نمائندگی دینے پر آمادہ نہیں اور اپوزیشن کے بغیر کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ دیا جا چکا ہے۔

مگر سوال یہ ہے کہ انتخابات جیسے اہم اور متنازع معاملے پر بننے والی کمیٹی کی‘ اپوزیشن کی نمائندگی کے بغیر کیا افادیت ہو گی؟ کیا اس سے انتخابی اصلاحات کے مقاصد پورے ہو سکیں گے؟ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قومی اور معاشی معاملات پر اتفاقِ رائے ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں جہاں اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ اہم قومی معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے وہیں حکومت کی بدرجہ اتم ذمہ داری ہے کہ ملکی مسائل اور اہم قومی فیصلوں میں پارلیمانی اتفاقِ رائے حاصل کرنے کی جمہوری ذمہ داری پوری کرے۔ حکومت کے اختیارات اپنی جگہ مگر ملکی معاملات کو بہتر طور پر چلانے اور درپیش بحرانوں سے نکلنے کی راہ ہموار کرنے کیلئے ملک میں سیاسی ہم آہنگی اور پارلیمانی اتفاقِ رائے کا کوئی متبادل نہیں۔ عوام کو ریلیف دینے‘ مہنگائی پر قابو پانے‘ روزگار کے مواقع پیدا کرنے‘ صحت اور تعلیم کی سہولتیں بہتر بنانے اور زرعی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے جن ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے وہ کوئی حکومت یکتا و تنہا نہیں کر سکتی۔ پچھلے چند برس کے حالات و واقعات نے بھی یہی ثابت کیا ہے۔ ملک میں بیروزگاری‘ غربت اور مہنگائی میں اضافہ ماضی سے زیادہ ہے اور مسائل کے حل کی کوششوں سے مطلوبہ نتائج برآمد نہ ہونے کی ایک بنیادی وجہ یہ بھی ہے کہ ملک کا سیاسی فیبرک چھدرا ہوا ہے۔ بلاشبہ پاکستان کو اس وقت قومی یکجہتی‘ سیاسی برداشت اور معاشی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا عوامی مسائل کو سیاسی ترجیحات میں سرفہرست رکھنے کا مؤقف ایک اہم پیغام ہے‘ تاہم اس کی اصل اہمیت اسی وقت ہو گی جب سیاسی جماعتیں اسے عملی اقدامات میں تبدیل کریں۔ کوئی شک نہیں کہ ملک کا مستقبل سیاسی انتقام میں نہیں سیاسی مفاہمت‘ معاشی استحکام اور عوامی فلاح میں ہے۔ ملک اس وقت جن معاشی‘ سیاسی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے ان کا تقاضا ہے کہ سیاسی قیادت ذاتی مفادات‘ انتقامی رویوں اور محاذ آرائی کی سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مفادات کو ترجیح دے۔ مہنگائی‘ بیروزگاری‘ غربت‘ بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اخراجات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایسے حالات میں عوام کو سیاسی نعروں اور اقتدار کی کشمکش سے زیادہ عملی اقدامات اور ریلیف کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں