اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

جعلی ادویات کی روک تھام

وزیراعظم شہباز شریف نے جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی فروخت روکنے کیلئے بنائی گئی موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سستی ادویات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے‘ وفاق اور صوبوں کو مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ہو گا۔ حکومت کی بنائی گئی موبائل ایپ کے ذریعے شہری ادویات کے پیکٹ پر موجود بار کوڈ سکین کرکے دوا کی اصلیت‘ سرکاری قیمت‘ دستیابی اور میعادِ استعمال سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ حکومت کو ادویہ کی تصدیق کیلئے ایپ بنانے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ ہمارے ملک میں جعلی ادویات کا دھندا بہت پرانا ہے۔ منافع خور عناصر جعلی اور غیر معیاری ادویات کا کاروبار کرکے نہ صرف عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں بلکہ ان کی زندگیوں کو بھی دائو پر لگا دیتے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان میں ہر سال ہزاروں افراد جعلی ادویات کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتے ہیں جبکہ بازار میں ملنے والی ہر دس میں سے ایک دوا جعلی یا غیر مستند ہو سکتی ہے۔

ایسے میں محفوظ دوا ایپ صارفین کو ادویات کی اصلیت اور قیمت معلوم کرنے میں مدد دے گی‘ تاہم اصل ضرورت جعلی ادویات تیار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ جب تک جعلی ادویات بنانے اور مارکیٹ تک پہنچانے والے نیٹ ورکس کے گرد گھیرا تنگ نہیں کیا جاتا‘ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔ اس کے ساتھ حکومت کو ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں لانے کیلئے بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں