مسلمانوں سے نفرت بھارت میں فیشن بن چکا:نصیرالدین شاہ
ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ مسلمانوں سے نفرت کرنا بھارت میں ہر طبقے کے لوگوں کا فیشن بن گیا ہے۔۔
بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو کے دوران بالی ووڈ کی بے شمار فلموں میں اہم کردار ادا کرنیوالے اداکار نصیر الدین شاہ نے بھارتی حکومت پر اسلاموفوبیا پھیلانے کا الزام عائد کر دیا۔ اداکار نے کہا کہ چاہے فلمیں ہوں یا حقیقت مسلمانوں سے نفرت آج کل فیشن بن چکا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پریشان کن وقت ہے مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے حکومتِ وقت نے چالاکی سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف لوگوں کے ذہن آلودہ کر دئیے ہیں اب پڑھے لکھے اور باشعور ہندو بھی مسلمانوں سے نفرت کرتے ہیں۔نصیرالدین شاہ نے سوال اُٹھایا کہ اگر بھارت سیکولر ملک ہے یہاں جمہوری نظام ہے تو یہ لوگ ہر چیز میں مذہب کو کیوں داخل کر دیتے ہیں۔