اپنا ایمان مت بیچیں، مشی خان ’’برزخ‘‘ کے میکرز پر برہم
لاہور (شوبزڈیسک) ماضی کی اداکارہ و میزبان مشی خان بھی فواد خان اور صنم سعید کی متنازع ویب سیریز ’برزخ‘ کے خلاف بول پڑیں۔
مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کی گئی اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’برزخ‘ نام سُن کر لگا تھا کہ ہمیں بہت ہی اچھا ڈرامہ دیکھنے کو ملے گا لیکن افسوس اور بدقسمتی سے اس ڈرامے میں تو عجیب ہی چیزیں دکھائی گئی ہیں۔ ’برزخ‘ کے میکرز کہہ رہے ہیں کہ یہ انٹرنیشل مارکیٹ کے لیے بنا گیا ہے تو میں ان سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ کونسے انٹرنیشنل ناظرین ؟ اُردو زبان میں بنایا گیا ڈرامہ پاکستان اور بھارت میں ہی دیکھا جائے گا، کیا امریکا، یورپ اور افریقا کے لوگ یہ ڈرامہ دیکھیں گے ؟، آپ نے ’برزخ‘ نام رکھ کر اس ڈرامے میں جو بکواس دکھائی ہے، اُس کے لیے آپ کو شرم آنی چاہیے ، آپ کونسے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، ڈالر کمانے کی خاطر اپنا ایمان مت بیچیں، خود کو شیطان کے ہاتھوں فروخت نہ کریں۔