میں نے کئی سال سے میوزک نہیں سنا : عاطف اسلم کا انکشاف
لاہور(شوبزڈیسک)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے پچھلے کئی سال سے میوزک نہیں سنا۔
انہوں نے اپنے وی لاگ ‘مائے بارڈر لیس ورلڈ’میں اپنے میوزک کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے میوزک کے ساتھ اپنے لگاؤ کا احساس اس وقت ہوا جب میرے والدین نئے گھر میں شفٹ ہوئے اور پرانا والا گھر خالی کر دیا تو میں نے پرانے گھر کے اوپر والے حصّے میں جا کر گانا شروع کر دیا۔ کہ گاتے ہوئے جب میری آواز اونچی ہوئی تو میں ڈر گیا اور سوچنے لگا کہ یہ ابھی کیا ہوا تھا؟ پھر جلدی سے دروازے بند کر کے نیچے آ گیا۔ اس کے بعد میں نے دوبارہ اسی خالی کمرے جا کر گانا گایا اور میں پھر ڈر کر واپس آ گیا اور یہ سلسلہ جاری رہا۔ دراصل اس وقت میں صرف 14 سال کا تھا اور میوزک کے تکنیکی پہلوؤں سے واقف نہیں تھا، مجھے نہیں لگتا کہ میں میوزک کے بغیر زندہ رہ سکتا ہوں، زندگی بالکل پھیکی سی ہو جائے گی اگر میوزک نہیں ہو گا۔ ایک بڑی دلچسپ بات یہ ہے کہ میں نے پچھلے کافی عرصے سے میوزک سنا نہیں ہے لیکن ابھی دوبارہ میوزک سننا شروع کیا ہے اور میں اس سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں۔