’’لگان ‘‘ کے 25سال مکمل ہونے پر عامر خان کا شاندار سرپرائز
ممبئی (شوبزڈیسک )بالی ووڈ کی تاریخ ساز فلم ‘لگان’ اپنی ریلیز کے 25 سال مکمل کرنے جا رہی ہے ، اور اس یادگار موقع پر اداکار عامر خان شاندار سرپرائز دینے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جشن محض فلمی ستاروں کی ملاقات تک محدود نہیں ہوگا بلکہ فلم کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے ہر فرد کو اس کا حصہ بنایا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق 12 جون کو ‘لگان’ کو خصوصی طور پر دوبارہ سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا، جبکہ اگلے روز 13 جون کو ممبئی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں فلم کی پوری ٹیم کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے گی،جس میں صرف مرکزی اور معاون اداکار ہی نہیں بلکہ تکنیکی عملے ، یونٹ ممبران اور فلم کی تیاری میں حصہ لینے والے دیگر افراد کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ اس منفرد ری یونین کا مقصد ان تمام لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے ‘لگان’ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ تقریب میں شریک ہونے والے افراد ماضی کی یادیں تازہ کریں گے ، شوٹنگ کے دلچسپ واقعات شیئر کریں گے اور فلم سے وابستہ اپنی خاص یادوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹیں گے ۔ واضح رہے کہ اشوتوش گواریکر کی ہدایت کاری میں بننے والی ‘لگان’ 2001 میں ریلیز ہوئی تھی۔