چیک باؤنس کیس،راج پال یادو کوتین ماہ قید کی سزا
لاہور(شوبز ڈیسک)دہلی ہائیکورٹ نے بالی ووڈ اداکار راج پال یادو کو چیک باؤنس ہونے سے متعلق کیس میں تین ماہ قید کی سزا سُنا دی ہے۔ دہلی ہائیکورٹ کی جج جسٹس سورنا کانتا نے چیک باؤنس کیس میں ماتحت عدالتوں کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے انھیں حکم دیا ہے کہ وہ شکایت کنندہ کو رقم کی ادائیگی کریں۔
کیس میں راج پال یادو کی اہلیہ رادھا یادو بھی شریک ملزم ہیں ۔ عدالت عالیہ نے راجپال یادو کو سزا کے حالیہ فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کرنے کیلئے دو مہینے کا وقت دیا ہے ۔عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں وضاحت کی ہے کہ اداکار راج پال یادونے جو دو کروڑ 25 لاکھ کی رقم پہلے کمپنی کو ادا کی ہے ، وہ مجموعی رقم سے کم کر دی جائے گی۔راج پال یادو کے وکیل بھاسکر اوپادھیائے نے کہا کہ ہائیکورٹ میں مقدمہ آنے سے پہلے ہم ساڑھے چار کروڑ روپے جمع کر چکے ہیں لیکن اتنے کیسز ہیں، کسی میں بقایا رقم ساڑھے 11 کروڑ بتائی گئی ہے ۔ سول ججمنٹ میں ساڑھے دس کروڑ بتائی گئی ہے ، ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔