تازہ اسپیشل فیچر

لیپ کے سال کا اہم دن ، تلخ اور شیریں یادیں چھوڑ کر رخصت

لاہور:( میاں وقاص ظہیر)29 فروری کا دن ہر چار سال بعد آتا ہے۔ یہ وہ سال ہیں جو 4 کے ساتھ تقسیم ہو جاتے ہیں مثلاً 1996، 2000، 2008۔ ان کو لیپ کا سال کہا جاتا ہے، ہماری ملکی تاریخ میں یہ دن تلخ اور شیریں واقعات کی داستان سناتا ہے۔

قانون ساز اسمبلی کا پہلا آئین منظور
مارچ 1940میں قرارداد پاکستان کی منظوری کے سات سال بعد پاکستان تو معرض وجود میں آگیا لیکن اس کے پہلے آئین کی تیاری اور منظوری میں مزید نو سال کا عرصہ لگا، یعنی 29فروری 1956کو پاکستان کی قانون ساز اسمبلی کا پہلا آئین منظور ہوا۔

نئی مملکت کے مقاصد اس کے قیام کے دو سال بعد منظور ہوئے جب کہ بنیادی اصولوں کی دستاویز پر قیام کے پانچ سال بعد اتفاق ہوا۔

بادی النظر میں وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ تحریک پاکستان کے دوران اس کے قائدین کو ان امور پر غور کرنے کا موقع نہیں ملا کہ نئے ملک کا آئین کس طرز کا ہوگا اور اس کی سماجی پالیسی کس نوعیت کی ہوگی اس کا اقتصادی ڈھانچہ کس نہج کا ہوگا اور بین الاقوامی تعلقات کا رخ کس سمت کو ہوگا۔
یہ ستم ظریفی ہے کہ آج بھی ہماری قائدین سماجی ، اقتصادی ڈھانچے اور عالمی تعلقات کو مضبوط نہیں کرسکے جو عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچا سکتے یہی وجہ ہے کہ آج بھی مملکت پاکستان کے سامنے کوئی واضح نقشہ راہ نہیں ہے۔
مینگورہ میں جنازے پر خودکش حملہ
ڈی ایس پی جاوید اقبال پولیس کی ایک گاڑی میں ہونے والے دھماکے کا نشانہ بنے تھےیہ حملہ 29فروری 2008 کو جمعہ کی رات آٹھ بجکر پچیس منٹ پر مینگورہ کےحاجی بابا زیارت کے مقام پر ہوا تھا جہاں صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع لکی مروت میں بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے ڈی ایس پی جاوید اقبال کی نمازِ جنازہ ادا کی جا رہی تھی۔
اس موقع پرخودکش حملہ آور بھی نماز جنازہ کے اجتماع میں گھس آیا، نماز جنازے میں پانچ سو سے زائد افراد جمع تھے، حملے میں 45افراد جاں بحق،100سے زائد زخمی ہوئے،واقعہ کے بعد مختلف مقامات پر اجتماعی جنازے ادا کیے گئے جبکہ شہر میں سوگ کا سماں تھا ہر آنکھ اشک بار اور مینگورہ کا بازار مکمل طور پر بندرہا۔

آسکر شرمین عبید چنائے کے نام ہوا

پاکستانی فلم میکر شرمین عبید چنائے نے29 فروری 2016کو منعقد ہونے والے 88 ویں آسکر میلے میں اپنی دستاویزی فلم A Girl In the River کا ایک اور آسکر اپنے نام کر لیا، فلم کا موضوع غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کی فرسودہ روایت تھی۔

شرمین عبید چنائے کی فلم’’ اے گرل ان دا ریور‘‘ ایک 19 سالہ لڑکی صبا کی زندگی پر بنائی گئی جس کی کہانی میں صبا کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کی کوشش کو دکھایا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستانی فلم میکر شرمین عبید چنائے نے اس سے قبل 2012 میں بھی اپنی ڈاکومینٹری فلم ’’سیونگ فیس‘‘ پر آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔
 

 ممتاز قادری کو پھانسی

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کیس میں اُن کے گن مین ممتاز قادری کو 29 فروری 2016کو پھانسی دے دی گئی، یہ کیس علما کے ایک حلقے کے موقف اور عوامی احتجاج کے باعث متنازع اور حساس شکل اختیار کر گیا تھا اور سزا پر عمل درآمد سے کئی اندیشے وابستہ ہوگئے تھے۔

ملکی تاریخ کہ نئی بننے والی مذہبی سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی بنیاد ممتاز قادری کی پھانسی کے بعد رکھی گئی ،سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ خادم حسین رضوی مرحوم نے ممتاز قادری کے جنازے پر اپنی پکڑی اتار کر پاؤں پر رکھی تھی، ممتاز قادری کا جنازہ راولپنڈی کے تاریخ مقام لیاقت باغ میں ادا کی گئی، جہاں ملک بھر سے لاکھوں لوگ نماز جنازے میں شریک ہوئے۔

لیاقت باغ کی تاریخی اہمیت اس وجہ سے بھی ہے کہ جہاں سابق وزرائے اعظم خان لیاقت علی خان اور بے نظیر بھٹو کو گولی مار کر شہید کردیا گیا تھا۔
 

16ویں قومی اسمبلی کاافتتاحی اجلاس اورنومنتخب ارکان  نے حلف اٹھایا

16 ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس29فروری2024کو  سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوااور منتخب ارکان نےحلف اٹھایا،اجلا س میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج  بھی کیا، جس پر سپیکر نے انہیں متنبہ کیا کہ پہلے حلف لیں گے پھر بات ہوگی۔