تازہ اسپیشل فیچر

محکمہ جنگلی حیات سندھ نے چڑیوں کے عالمی دن پر چڑیا شماری کے نتائج جاری کر دیئے

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ جنگلی حیات سندھ نے چڑیا شماری کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔

ہرسال چڑیا کا عالمی دن 20 مارچ کو منایا جاتا ہے، 17 مارچ کو محکمہ جنگلی حیات نے چڑیا شماری کا آغاز کیا تھا، جن علاقوں میں گنتی کی گئی ان میں 60 فیصد باغات والے علاقے اور 40 فیصد عمارتوں والےعلاقے شامل تھے۔

یہ سرگرمی شہر کے کل رقبے 3780 سکوائر کلومیٹر کے 5 فیصد علاقے پر رہی، چڑیا شماری کے لیے وائلڈ لائف فوٹوگرافرز اور عام شہریوں کو بھی دعوت دی گئی تھی۔

اس مہم میں چڑیا کی ویڈیو اور تصاویر کے ساتھ اس کی لوکیشن بھی نوٹ کی گئی، ملیر، گڈاپ، بحریہ ٹاؤن، سٹیل ٹاؤن میں چڑیا شماری کی گئی۔

صدر، ڈیفنس، کلفٹن، لیاری، کورنگی، برنس روڈ، پاکستان چوک ، این ای ڈی سمیت کراچی یونیورسٹی بھی چڑیا شماری والے علاقوں میں شامل تھے۔

نتائج کے مطابق کراچی اور مضافات میں عام گھریلو چڑیا کی تعداد 9035 رہی، چڑیا شماری مہم کا مقصد چڑیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کرنا تھا۔