170 شخصیات کیلئے قومی اعزازات
یوم پاکستان کے موقع پر170 اعلیٰ سول و فوجی شخصیات کو قومی اعزازات سے نوازا گیا
اسلام آباد، لاہور،کراچی، کوئٹہ،پشاور (دنیا نیوز ) قومی اعزاز حاصل کرنے والوں میں پانچ غیر ملکیوں سمیت عرفان صدیقی، ملالہ یوسفزئی، ولی خان بابر، اقبال حیدر اور تحریک انصاف کی شہید رہنما زہرہ شاہد حسین بھی شامل ہیں، اعتزاز حسن شہید، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق، عطاء الحق قاسمی کو بھی ایوارڈ دئیے گئے ، ہلال پاکستان ترکی کے سفیر مصطفی بابر اور ستارہ پاکستان سری لنکن سفیر کو دیا گیا، صدر ممنون حسین نے ایوان صدر میں96 شخصیات کو فوجی و سول اعزازات عطا کیے ۔ اتوار کو74 ویں یوم پاکستان کے موقع پر اعلیٰ سول و فوجی شخصیات کو قومی اعزازات سے نوازنے کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین نے نامزد شخصیات کو قومی اعزازات سے نوازا۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، غیر ملکی سفیروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر38 فوجی شخصیات کو ہلال امتیاز (ملٹری)،21 کو ستارہ بسالت (ملٹری)، ایک کو نشان امتیاز، دو کو ہلال پاکستان، ایک کو ہلال شجاعت،7 کو ہلال امتیاز، ایک کو ستارہ پاکستان، چار کوستارہ شجاعت، تین کو ستارہ امتیاز، تین کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی،11 کو تمغہ شجاعت، تین کو تمغہ امتیاز اور ایک کو تمغہ خدمت سے نوازا گیا۔ ہلال امتیاز ملٹری حاصل کرنے والوں میں پاک بحریہ کے وائس ایڈمرل خواجہ غضنفر حسین، وائس ایڈمرل خان ہاشم بن صدیق،ریئر ایڈمرل شاہد سعید، ریئر ایڈمرل ظفر محمود عباسی، رئیر ایڈمرل سید عارف اللہ حسینی، ریئر ایڈمرل عدنان نذیر، پاک فضائیہ کے ایئروائس مارشل سہیل امان، ایئر وائس مارشل ارشد قدوس، ایئروائس مارشل سید رضی نواب، ایئروائس مارشل اعجاز محمود ملک، پاک فوج کے میجر جنرل اختر وحید، میجر جنرل محمد جنید،سلمان علی، شہاب نقوی، شہزاد سکندر، میاں محمد ہلال حسین، طارق جاوید،غیور محمود، اصغر نواز، نادر زیب،نذیر بٹ، جمیل رحمت، اعجاز شاہد، عامر عظیم باجوہ، طارق غفور، افتخار احمد وائی، محمد سلیم رضا، عابد نذیر، نوید مختار، ہدایت الرحمٰن، محمد عارف وڑائچ، ملک ظفر اقبال، مظہر سلیم خان، مقصود احمد عباسی، جاوید محمود بخاری، انوار علی حیدر اور میجر جنرل وقار احمد خان شامل ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل خرم وحید، میجر ملک ابرار احمد شہید، سکوا ڈرن لیڈر بلال حسن بابری، کیپٹن فصیح بابر امین شہید، کیپٹن سلمان سرور شہید، کیپٹن منان الحسن شہید، کیپٹن حفیظ اللہ، کیپٹن طارق جمال شہید، کمانڈر محسن فاروق خان، لیفٹیننٹ انس ستی، نائب صوبیدار مراد خان شہید، نائب صوبیدارصفی اللہ، حوالدار محمد امریز شہید، لانس حوالدار مظہر اقبال شہید، سپاہی جہانگیر خان شہید، رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ حنیف خان شہید، پاک فوج کے سپاہی عاشق علی شہید،سپاہی خرم شہزاد شہید، سپاہی زوہیب اقبال شہید، سپاہی امام حسین شاہ شہید اور پاک بحریہ کے سول ڈرائیور راشد محمود کو اعلیٰ کارکردگی اور جرأت پر ستارہ بسالت (ملٹری) سے نوازا گیا۔ اعلیٰ سول ایوارڈ نشان امتیاز پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق آفیسر غلام نبی کو سائنس کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر دیا گیا جبکہ پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی بابر ہزلان کو سہ فریقی ڈائیلاگ کی بحالی اور دوطرفہ تعلقات میں شاندار خدمات پر ہلال پاکستان سے نوازا گیا۔ ارجنٹائن کے سفیر روڈولفو مارٹن سیراویا کو ہلال پاکستان سے نوازا گیا۔ کوئٹہ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے ڈی آئی جی آپریشن فیاض سنبل شہید کو ہلال شجاعت دیا گیا ۔ اٹامک انرجی کے محمد نعیم کو نیو کلیئر فیول ٹیکنالوجی کے شعبے میں خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا گیا، ٹیکنیکل انجینئرنگ کے شعبے میں شاندار خدمات پر ایٹمی توانائی کمیشن کے ہی ڈاکٹر نبیل حیات ملک کو بھی ہلال امتیاز دیا گیا۔ دفاعی تنصیبات کے تحفظ اور کرپٹو گرافی کے شعبے میں شاندار خدمات پر میجر جنرل محمد طاہر کو بھی ہلال امتیاز دیا گیا، ممتاز شاہد ظفر اقبال اور عطاء الحق قاسمی کو ادب کے شعبے میں شاندار خدمات، عرفان صدیقی کو صحافت کے شعبے میں اور سید اقبال حیدر مرحوم کو انسانی حقوق اور خدمات عامہ کے شعبے میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔ پاکستان میں سری لنکا کے سفیر جنرل ریٹائرڈ سی ایس ویراسوریا کو باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے خدمات کے اعتراف میں ستارہ پاکستان سے نوازا گیا۔ گجرات میں سکول وین میں آگ لگنے کے دوران بچوں کو بچاتے ہوئے شہید ہونے والی سکول ٹیچر سمیعہ نورین، عبدالمنصور کاکڑ، ایس پی بلال حیدر شہید اور ہنگو میں سکول میں گھسنے والے خودکش حملہ آور کو پکڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے اعتزاز حسن بنگش کو ستارہ شجاعت سے نواز اگیا۔ ستارہ امتیاز پروفیسر مسیح الدین صدیقی کو دیا گیا، ستارہ امتیاز حاصل کرنے والوں میں ہاکی کے سابق کھلاڑی سمیع اللہ، اے حنیف خان، حسن سردار بھی شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سمیت پروفیسر محمد مجاہد، ایوب خاور اور مسعود ساحر کو مختلف شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ پاک فوج کے سپاہی بشیر شہید، باجوڑ ایجنسی کے ملک تاج محمد شہید،فضل کریم شہید،بلقیاز خان شہید، حیات اللہ خان شہید، نعیم اللہ شہید،شبیر احمد مگسی شہید اور محمد انور میر شہید کو تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔ تحریک انصاف کی کراچی میں الیکشن کے دوران دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والی امیدوار زہرہ شاہد حسین اور پاک فضائیہ کے سول ڈرائیور محمد رفیق کو بھی تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔ پولیس کے سپاہی محمد علی انڑ کو بھی تمغہ شجاعت عطا کیا گیا۔ چین کے وانگ لی چی کوآبدوزوں کی تیاری اور دفاعی تعلقات میں خدمات پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ گلگت کی نجات بی بی کو دستکاری کے شعبے میں اور عبدالستار مسلم کو ادب کے شعبے میں شاندار خدمات پر تمغہ امتیاز دیا گیا۔ کوریا کی مس یارکیوسون کو آرٹس اینڈ کلچر کے شعبے میں تمغہ خدمت سے نوازا گیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صدر مملکت کی جانب سے 20 شخصیات کوقومی سول اعزازات سے نوازا جبکہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے 12 شخصیات، گورنر خیبرپختونخوا نے 9 شخصیات، گورنر بلوچستان نے 5 شخصیات کو قومی سول ایوارڈ سے نوازا ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے 25 شخصیات کو فوجی اعزازات سے نوازا جبکہ ملالہ یوسفزئی سمیت تین غیر ملکیوں کو ان کے ملکوں میں قائم پاکستانی سفارتخا نے سول ایوارڈ دینگے ۔یومِ پاکستان کے موقع پرگورنرہاؤس لاہور میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں ایوارڈزتقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، 3افراد کوستارہ امتیاز،11 کوصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور6 کوتمغہ امتیاز سے نوازاگیا،ستارہ امتیازپانے والوں میں سینئرصحافی عاشق چودھری بھی شامل ہیں۔ عاشق چودھری کو ان کی طویل اورشاندارصحافتی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیازسے نوازا گیا۔پشاور میں یوم پاکستان کے موقع پر صدرمملکت کی جانب سے خیبر پختونخواسے تعلق رکھنے والی9 شخصیات کو تمغہ امتیازسے نوازا گیا۔یوم پاکستان کے موقع پر سول اعزازات دینے کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی۔ گورنر خیبر پختونخوا شوکت اللہ خان نے صدر کی طرف سے یہ اعزازات دیئے ۔ تمغہ امتیاز حاصل کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹرامین بادشاہ ،ڈاکٹر جاسمین شاہ ،ڈاکٹر ظہور احمد سواتی اور موسیقار استاد نذیر گل کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نو شخصیات شامل ہیں۔