فرنٹیئر مارکیٹ کے صارفین معیار کو ترجیح دیتے ہیں، ڈاکٹر زیلف منیر

فرنٹیئر مارکیٹ کے صارفین معیار کو ترجیح دیتے ہیں، ڈاکٹر زیلف منیر

کراچی(بزنس ڈیسک)فرنٹیئر مارکیٹ کے صارفین اپنی سوچ اور انتخاب میں اس سے کہیں زیادہ باشعور ہیں جتنا عام طور پر انہیں سمجھا جاتا ہے ۔

وہ اپنی خریداری کے فیصلے رعایتی قیمت کی بجائے معیار، قدر اور اعتماد کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انگلش بسکٹ مینوفیکچررز (ای بی ایم)کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پاکستان بزنس کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر زیلف منیر نے دبئی میں منعقدہ 'گلفوڈ ورلڈ اکانومی سمٹ 2026' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صارفین کی ترقی کے نئے مراحل کے موضوع پر ایک عالمی پینل مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے ، ڈاکٹر زیلف منیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح معیار و قدر پر مبنی کھپت، نظم و ضبط کے ساتھ قیمتوں کے تعین اوراعتماد پر مبنی پیداواری نظام نے پاکستان جیسی مارکیٹوں کی کمپنیوں کو اس قابل بنا دیاہے کہ وہ برآمدات کے لیے تیار بزنس ماڈل تشکیل دیں اور مقامی حدود سے نکل کر عالمی سطح پر مقابلہ کریں۔گلفوڈ ورلڈ اکانومی سمٹ میں دنیا بھر کے پالیسی سازوں، صنعتی ماہرین اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی تاکہ اشیائے خوردونوش کی مستقبل کی طلب میں فرنٹیئر مارکیٹس کے کردار کا جامع جائزہ لیا جا سکے ۔ ڈاکٹر زیلف منیر نے کہا کہ فرنٹیئر مارکیٹس کو اب تیزی سے ان کی پیداواری صلاحیت، بین الاقوامی معیارات کی پاسداری اور علاقائی و عالمی منڈیوں کو قابل اعتماد مصنوعات فراہم کرنے کی اہلیت کی بنیاد پر تسلیم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ فرنٹیئر مارکیٹس کو کم لاگت اور زیادہ خطرے والی منڈیاں سمجھنے کا دیرینہ تصور بتدریج ایک نئی حقیقت کی جانب بڑھ رہا ہے ، جہاں استحکام اور معیارات پر پورا اترنا مسابقت کی اصل بنیاد بن چکا ہے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں