ایران پر حملے کیلئے عراق میں خفیہ اسرائیلی فوجی اڈے کا انکشاف
اڈا امریکی تعاون سے بنایا گیا،جھڑپوں میں1عراقی فوجی ہلاک ،2زخمی ہوئے اسرائیل نے اڈے کو فضائی کارروائیوں کیلئے استعمال کیا:امریکی اخبارکا دعویٰ
بغداد(اے ایف پی)عراق کے دو سکیورٹی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران اسرائیلی افواج نے نجف کے صحرائی علاقے میں صدام حسین کے دور کی ایک متروک فضائی پٹی پر خفیہ اڈا قائم کیا تھا۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یہ کارروائی امریکی تعاون سے کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی دنوں میں عراقی فورسز اور غیر ملکی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی، جس میں ایک عراقی فوجی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ٹیم نے اس مقام کو فضائی کارروائیوں اور لاجسٹک سپورٹ کے لیے استعمال کیا۔ علاقے میں چنوک ہیلی کاپٹر اور ریڈار سسٹم بھی دیکھے گئے ۔ اسرائیلی فوج نے معاملے پر تبصرہ نہیں کیا جبکہ عراقی حکام نے غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کی اجازت دینے کی تردید کی ہے ۔