افغانستان سے دہشتگردی جاری، بنوں واقعہ پلانٹڈ:نجم سیٹھی
دشمن نے پلاننگ کرکے جشن منانے پر پیغام دیا،ایسے واقعات پر توجہ دینی چاہئے انڈیا چاہتاپاکستان کو اونچائی سے نیچے کھینچا جائے : ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرتجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پا کستان کے بیرونی معاملات بہت اچھے جارہے ہیں، 100 میں سے 120نمبر مل رہے ہیں، مگر اندرونی معاملات اچھے نہیں،بنوں میں دہشتگر دی سے 15پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی، اس واقعہ میں ٹی ٹی پی والے ہی ملوث ہوسکتے ہیں اورکون ہو سکتا ہے ، ٹی ٹی پی نہیں ہے تو پھر خراسان والے ہونگے ،سوال یہ ہے کہ ایکسٹرنل سکیورٹی تو مضبوط ہو گئی ،انٹرنل کا کیا حال ہے ۔یہ بھی خبریں آرہی ہیں کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی اور انکے ساتھیوں کیخلاف دوبارہ کائونٹر ایکشن لے رہے ہیں، افغانستان سے ہمارے تعلقات ٹھیک نہیں،ابھی تک افغانستان سے دہشتگردی ختم نہیں ہوئی، بنوں کاواقعہ چھوٹا نہیں،یہ پلانٹڈ آپریشن تھا،یہ ایسا نہیں جو اٹھ کر آیا کردیا،یہ انہوں نے پلاننگ کی ہے کہ جب آپ جشن منارہے ہیں،آپ کو پیغام دیا ہے ،ایسے واقعات پر توجہ دینی چاہئے ،یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ انکے پیچھے کونسے عوامل ہیں۔جب آپ جشن منارہے ہیں،دنیا آپ کی تعریفیں کررہی ہو،عالمی سطح پر آپ کا اہم رول بن گیا ہو۔
اس وقت جب آپ انٹرنیشنل امپریشن دینا چاہتے ہوں،وہ ایک ہی ملک ہے وہ ہے انڈیا، میں سازشی تھیوری پر یقین نہیں رکھتا، صرف فکس کے اوپر جاتا ہوں،ابھی دو فکس بڑے واضح ہیں، ایک یہ کہ انڈیا نے پھر الزام لگانے شروع کردئیے ہیں کہ حالانکہ جو آخری دہشتگردی کا واقعہ ہوا ہے وہ ہمارے اوربیشتر لوگوں کے مطابق وہ فالس فلیگ آپریشن تھا، اس لئے اس پر انڈیا کوسپورٹ نہیں ملی کسی سے ، جسکی بنیاد پر اس نے سندور آپریشن شروع کیا تھا، بنوں جیسا واقعہ بلوچستان میں بھی ہوسکتا ہے ،یہ اسلئے کہہ رہا ہوں کیونکہ اس وقت انڈیا میں بڑی دلچسپ تبدیلیاں ہوئی ہیں، انڈیا کے نئے چیف آف ڈیفنس سیکرٹری ریٹائر ڈلیفٹیننٹ جنرل کو لگایا گیاہے ،یہ وہ جنرل ہیں جنہوں نے کشمیر اور پاکستان بارڈر پر ڈیوٹی کی، اسکے بعد وہ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول کے دفتر میں کام کرتے رہے ،اجیت نے ان کو اپنے بندے کو ہیڈآف سکیورٹی اینڈ ڈیفنس لگوا دیا،یہ بڑی اہم پیشرفت ہے ، اسکا مطلب ہے کہ اجیت دوول کی ڈاکٹرائن افینسیو ڈیفنس ہے اوروہ چلے گی ،وہاں صورتحال یہ بن رہی ہے ،وہ کہتے ہیں آپریشن سندور جاری ہے مگر موقع ڈھونڈ رہے ہیں اور اسکی تیاریاں کررہے ہیں،میں یہ سمجھتا ہوں کہ جو دہشتگردی کا واقعہ بنوں میں ہو یا بلوچستان میں ،یہ انڈیا کے منصوبے ہیں کہ کوئی نہ کوئی موقع ڈھونڈا جائے پھر سے ، پاکستان جو اتنی اونچائی سے اڑ رہا ہے اس کوپھر نیچے کھینچا جائے ،دنیا کو بتایا جائے نہیں نہیں، یہ تو بالکل نہیں ،آپ لوگ کن سے بات کررہے ہو، اس وقت پاکستان کا وقار بنا ہوا ہے ، لوگ پسند کررہے ہیں، اس سب کوملیا میٹ کیا جائے ،اس سارے علاقہ کو سٹیٹ آف وار ڈیکلیئر کیا جائے تاکہ ہم پاکستان کو انڈر پریشر رکھیں،میراخیال ہے اجیت دوول کی ڈاکٹرائن مزید جارحانہ ہو گی، انڈیا تیاریاں کرے گا اپنا بدلہ لینے کیلئے ، ان کوآپریشن سندورمیں شکست ہوئی تھی۔