معرکہ حق دونظریات کی جنگ دشمن کو عبرتناک شکست دی بھارت پھر دہشتگردی کا سہارا لے رہا:ہر بے گناہ پاکستانی کےخون کا بدلہ لیں گے:فیلڈ مارشل

معرکہ  حق  دونظریات  کی  جنگ  دشمن  کو  عبرتناک  شکست  دی  بھارت  پھر  دہشتگردی  کا  سہارا  لے  رہا:ہر  بے  گناہ  پاکستانی  کےخون  کا  بدلہ  لیں  گے:فیلڈ  مارشل

دشمن کا خواب اسکی صلاحیت سے کہیں بڑا ، کامیاب نہیں ہونے دینگے ،ہمارادفاع ناقابلِ تسخیر ،کسی مہم جوئی کے نتائج انتہائی خطرناک ہونگے ، پاکستان کی کوئی داستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں شہدا کی قربانی کو امانت سمجھتے ہیں :معرکہ حق کی خصوصی تقریب سے خطاب، شہداکیلئے ایک منٹ کی خاموشی ،پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں کا مارچ پاسٹ اور سلامی

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معرکہ حق صرف دو ممالک کے درمیان جنگ نہیں بلکہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں حق کو فتح اور دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بار پھر دہشت گردی کا سہارا لے رہا ہے ، ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہرسال 10مئی کو یوم معرکہ حق منانے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ معرکہ حق میں ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا۔صدرمملکت آصف علی زرداری کا کہناتھاکہ معرکہ حق ملکی تاریخ کا روشن باب ہے ،خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیرہے ۔آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں گزشتہ روز خصوصی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، مختلف ممالک کے سفرا، سول و عسکری حکام اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جبکہ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کی۔ وزیراعظم کی اپیل پر دفاع وطن میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔قبل ازیں تینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ معرکہ حق کی پہلی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ایک سال قبل دشمن نے پاکستان کے قومی عزم اور وقار کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی تاہم افواجِ پاکستان اور قوم نے اتحاد، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دئیے ۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ہندوستان کا خواب ہے کہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے تاہم دشمن کا یہ خواب اس کی صلاحیت سے کہیں بڑا ہے اور پاکستان اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔ مئی 2025 کے معرکے میں پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور فتح میزائلوں و پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زائد عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ دشمن کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کی قیمت وہ طویل عرصے تک چکاتا رہے گا۔ پاکستان کا دفاع ہر بیرونی جارحیت کے خلاف ناقابلِ تسخیر ہے اور آئندہ کسی بھی مہم جوئی کے نتائج انتہائی خطرناک، دور رس اور تکلیف دہ ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میں معرکہ حق کے تمام شہدا اورغازیوں بالخصوص شہید ہونے والی نہتی عورتوں، بوڑھوں اورمعصوم بچوں کو پوری قوم اور افواج پاکستان کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم اپنے شہدا کی قربانی کو امانت، اپنی طاقت کو ذمہ داری اور اپنی کامیابی کو خدائے بزرگ و برتر کا احسان سمجھتے ہیں۔ فیلڈ مار شل نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم، وفاقی کابینہ، قومی و صوبائی سیاسی قیادت اور تمام سیاسی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی سیاسی بصیرت اور رہنمائی سے پاکستان کو یہ کامیابی حاصل ہوئی۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کے سفارتی نمائندوں نے عالمی سطح پر مو ثر کردار ادا کیا جبکہ میڈیا، صحافتی برادری اور نوجوانوں نے دشمن کے پروپیگنڈا اور سائبر وارفیئر کو ناکام بنایا، معرکہ حق صرف میدانِ جنگ میں ہی نہیں بلکہ قومی سطح پر بھی جیتا گیا، جہاں عوام نے غیر معمولی اتحاد کا مظاہرہ کیا، جب جنگ کے بادل منڈلائے تو ہر طبقہ فکر نے پاکستانیت کے جذبے کے تحت ایک صف میں کھڑے ہو کر دفاع وطن کیلئے کردار ادا کیا۔فیلڈ مارشل نے انکشاف کیا کہ پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت دیکھتے ہوئے بھارت نے مختلف عالمی قوتوں کے ذریعے جنگ بندی کی خواہش ظاہر کی جبکہ شکست خوردہ بھارت نے امریکی سیاسی قیادت کے ذریعے ثالثی کی پیشکش کی جسے پاکستان نے خطے کے وسیع تر امن کے مفاد میں قبول کیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ عصر حاضر اور مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جن میں ڈرونز، سائبر، آرٹیفشل انٹیلی جنس اور دور مار ہتھیار اہم کردار ادا کریں گے ، اسی تناظر میں ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موثر، ذمہ دارانہ اور غیرجانبدار سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند ہوا ہے ، سعودی عرب کے ساتھ سٹراٹیجک دفاعی معاہدہ اہم سفارتی کامیابی ہے جبکہ پاکستان تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی بھی کر رہا ہے ۔افغانستان کے حوالے سے فیلڈ مارشل نے کہا کہ کابل حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردی کے مراکز اور آماجگاہوں کا مکمل خاتمہ کرے ۔ انہوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان کی کوئی داستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی اور کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔ پاکستانی قوم افواج کی طاقت ہے اور پاکستان ماضی کی طرح آئندہ بھی ناقابلِ تسخیر رہے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے معرکہ حق میں پاکستان کو فتح عطا کی۔

انہوں نے شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کو جواز بنا کر پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کئے حالانکہ پاکستان نے ہر قسم کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ دشمن کو ہر مہم جوئی کے انجام سے پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا، لیکن بھارت نے جنگ مسلط کی جس کا ہماری بہادر افواج نے تاریخی جواب دیا۔ جب ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو اسے جان کے لالے پڑ گئے ، ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ بکھرا ہوا تھا، جس کے بعد دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک اپنے الزامات کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔ انہوں نے 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہر سال قومی جذبے اور جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ وطن کے شہدا،ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، بہادر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں اور پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں، ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کا ذکر نہ کروں تو تاریخ ادھوری رہے گی، ہماری فضائیہ نے دشمن کے دعوؤں کا پول کھول دیا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معرکہ حق میں 24 کروڑ عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کے کھڑے رہے ۔

انہوں نے ایران جنگ میں ثالثی کے حوالے سے دوست اور برادر ممالک، خصوصاً امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے پاکستان کا بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی ساتھ دیا۔پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے اور ایران میں قیام امن کیلئے بھی اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا رہا ہے ،فیلڈ مارشل نے ابھی بتایاکہ ایران سے امریکی تجاویز کا جواب موصول ہوگیاہے تاہم میں اس کی مزید تفصیلات میں نہیں جاؤں گا ۔ پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام، خصوصاً فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں جبکہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 مئی ملکی تاریخ کا روشن باب ہے ، جب فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے اپنی مہارت ثابت کی۔ بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا اور سول آبادی اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج اور فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا، پاکستان کی فضائیہ نے دشمن کے 8 طیارے مار گرائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ، پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے ، اور عالمی امن کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں