اسد قیصر کی فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات
بنوں سانحہ کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی، سی این جی سٹیشنز کی بندش پر تشویش کا اظہار صوبے میں گندم بحران کے حوالے سے وفاق کے روئیے کو افسوسناک قراردیا
پشاور (نیوزایجنسیاں )پشاور میں اسد قیصر نے فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی جس میں جنید اکبر خان، محبوب شاہ، سلیم الرحمن اور سعیداللہ شاہ بھی شریک تھے ۔اس موقع پر بنوں سانحہ کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ صوبے کے حقوق اور درپیش مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں صوبائی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں سی این جی سٹیشنز کی بندش پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے صوبے میں گندم بحران کے حوالے سے وفاقی حکومت کے روئیے کو افسوسناک قرار دیا۔ اس کے علاوہ این ایف سی ایوارڈ، ضم شدہ اضلاع کے مسائل اور صوبے کے عوام و تاجر برادری میں پائے جانے والے احساسِ محرومی پر بھی گفتگو کی گئی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فاٹا اور پاٹا میں ٹیکسز، سی این جی سٹیشنز کی بندش، صوبائی حقوق اور تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کو تمام متعلقہ حلقوں کا مو قف سننا چاہیے اور مشکلات کے ازالے کے لیے موثر اقدامات کرنے چاہئیں ۔ اس حوالے سے محسن نقوی سے بھی بات چیت ہوئی ہے ، جنہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔