ایران نے یورینیم افزودگی عارضی طور پر روکنے پر آمادگی ظاہر کر دی: امریکی اخبار

واشگٹن: (دنیا نیوز) ‏امریکی اخبار وال سٹریٹ جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جنگ کے خاتمے کی تجاویز پر امریکا کو بھجوا ئے گئے جواب میں یورینیم افزودگی عارضی طور پر روکنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق تاہم ایران نے امریکا کا 20 سال تک یورینیم افزودہ نہ کرنے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔

امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ایران نے جنگ بندی اور آبنائے ہرمز مرحلہ وار کھولنے کی تجویز دی ہے جبکہ ساتھ ہی ایران نے امریکی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق ایران نے جوہری معاملات پر آئندہ 30 روز میں مذاکرات کی تجویز دی ہے البتہ ایران نے جوہری تنصیبات ختم کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کر دیا۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری خبرایجنسی کے مطابق ایرانی سرکاری ذرائع نے وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کو گمراہ کن قرار دے دیا۔

ایرانی سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جوہری مواد سے متعلق امریکی اخبار کی رپورٹ کے اہم نکات غلط ہیں۔

ایرانی ذرائع کے مطابق جواب کا اصل متن تھا کہ تمام محاذوں پر فوری جنگ بندی کی جائے، ایران پر دوبارہ حملے نہ کرنے کی ضمانت مانگی گئی ہے، امریکا سے تیل برآمدات سمیت تمام پابندیاں ختم کرنے کامطالبہ کیا گیا ہے۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے پردستخط ہوتے ہی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کامطالبہ کیا گیا، ایران نے جواب میں تمام منجمد اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں