مشرق وسطیٰ کشیدگی، ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 8 فیصد کمی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی امریکہ اور ایران کشیدگی کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے وطن بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں اوورسیز پاکستانیوں نے 3 ارب 50 کروڑ ڈالر وطن بھیجے جبکہ مارچ میں یہ حجم 3 ارب 83 کروڑ ڈالر رہا تھا۔
مرکزی بینک کے مطابق امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سے آنے والی ترسیلات زر میں 4 سے 11 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی تاہم سالانہ بنیاد پر ترسیلات زر میں 11 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران پاکستان کو 33 ارب 86 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں،جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد و شمارکے مطابق اپریل میں سب سے زیادہ 84 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سعودی عرب سے موصول ہوئے جبکہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر وطن بھیجے۔اسی طرح برطانیہ سے 56 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اورامریکا میں مقیم پاکستانیوں کیجانب سے 32 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا گیا۔