مزاح نگار، اداکار و شاعر اطہر شاہ خان جیدی کی آج چھٹی برسی منائی جا رہی ہے

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے معروف مزاح نگار، اداکار اور شاعر اطہر شاہ خان جیدی کی آج چھٹی برسی منائی جا رہی ہے۔

اطہر شاہ خان 1943ء میں ہندوستان کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے، جو بعد میں قیام پاکستان کے وقت ہجرت کر کے والدین کے ساتھ لاہور آ بسے، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت کے شعبے میں ماسٹرز کیا۔

اطہر شاہ خان نے ریڈیو، ٹی وی اور سٹیج پر بطور ڈرامہ نگار اپنے تخلیقی کام کا آغاز کیا، ٹی وی اور سٹیج ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری بھی کی، اور اپنے تخلیق کردہ مزاحیہ کردار ”جیدی“ سے مقبولیت پائی، ان کے مشہور ڈارموں میں انتظار فرمائیے، ہیلو ہیلو، جیدی اِن ٹربل، ہائے جیدی و دیگر شامل ہیں۔

انہوں نے ڈرامہ نگاری اور اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی سنجیدہ و مزاحیہ شاعری سے بھی لوگوں کو محظوظ کیا، سال 2001ء میں اطہر شاہ جیدی کو حکومت پاکستان نے تمغہ حسن کارکردگی کے اعزاز سے نوازا۔

اطہر شاہ خان جیدی 10 مئی 2020ء کو حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے لیکن اپنے فن اور مزاح کے ذریعے آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں