بارسلونا نے ریال میڈرڈ کو شکست دے کر لالیگا ٹائٹل جیت لیا

بارسلونا: (ویب ڈیسک) ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا نے اپنے روایتی حریف ریال میڈرڈ کو 0-2 سے شکست دے کر 29 ویں مرتبہ لالیگا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ناؤ کیمپ میں کھیلے گئے اہم ’ایل کلاسیکو‘ میں فتح کے بعد بارسلونا نے تین میچز باقی رہتے ہوئے لیگ ٹائٹل جیت لیا۔

ہانسی فِلک کی زیر قیادت بارسلونا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 91 پوائنٹس حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر موجود ریال میڈرڈ پر 14 پوائنٹس کی فیصلہ کن برتری قائم کر لی، بارسلونا نے پورے سیزن میں صرف چار لیگ میچز ہارے ہیں۔

میچ کا آغاز بارسلونا کیلئے بہترین ثابت ہوا۔ نویں منٹ میں مارکس راشفورڈ نے شاندار فری کک پر گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلائی۔

صرف 9 منٹ بعد بارسلونا نے دوسرا گول بھی سکور کر دیا، فرمین لوپیز کے کراس پر ڈینی اولمو نے خوبصورت بیک ہیل پاس دیا جسے فیران ٹوریس نے طاقتور شاٹ کے ذریعے گول میں تبدیل کر دیا۔

ریال میڈرڈ نے کھیل میں واپسی کی کوشش کی تاہم بارسلونا کے دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں