سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ: پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح
میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) پاکستان نے سٹریٹ چائلڈ عالمی کپ ٹورنامنٹ 2026 میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔
30 ممالک کے درمیان جاری اسٹریٹ چائلڈ عالمی کپ ٹورنامنٹ 2026 میں پاکستان اسٹریٹ چلڈرن ٹیم نے اپنے دسرے میچ میں میزبان میکسیکو کی مضبوط ٹیم کو 0-5 سے زیر کرکے شاندار فتح حاصل کی۔
پاکستان کے کاشف خان اور عیسیٰ خان نے 2،2 گول کیے جبکہ شاہد انجم نے ایک مرتبہ گیند کو جال میں پہنچایا، پاکستان نے اپنے افتتاحی میچ میں انڈونیشیا کو 0-2 سے قابو کیا تھا، دونوں گول کاشف خان نے اپنے نام کیے تھے،ٹورنامنٹ میں گرلز اور بوائز کے مختلف ایونٹس کا انعقاد ہورہا ہے۔
ٹورنامنٹ دنیا بھر میں سڑکوں سے جڑے بچوں کے حقوق، تحفظ اور شناخت کے لیے نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والی تحریک ہے،کھیلوں کے ذریعے تعلیم اور سماجی تبدیلی کے لیے وقف تنظیم مسلم ہینڈ کے تحت عالمی کپ میں شرکت کرنے والی پاکستان ٹیم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی شرکت کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نے قطر میں ہونے والے اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2022 میں دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا تھا۔
دریں اثنا پاکستانی کھلاڑیوں اور ٹیم منجمنٹ نے اپنی دونوں فتوحات معرکۂ حق اور پاکستان کی مسلح افواج کے نام کرتے ہوئے ان کی قربانیوں، بہادری اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اسٹریٹ چلڈرن ٹیم کے کھلاڑیوں میں عبداللہ، مبشر شاہ، محمد حماد، ندیم حسین، محمد مصطفیٰ ،محمد عیسیٰ ،شاہد انجم، محمد کاشف ،محمد بلال اور محمد ابراہیم شامل ہیں۔