ایران کا افزودہ یورینیم ملبے تلے دبا ہوا، کسی بھی وقت وہاں تک پہنچ جائینگے: ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا افزودہ یورینیم ملبے تلے دبا ہوا ہے، تاہم امریکا وہاں تک پہنچ جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ اگر کوئی شخص ایرانی افزودہ یورینیم کے قریب گیا تو امریکا کو فوری طور پر معلوم ہوجائے گا، اور ایسی کوشش کرنے والوں کو اڑا دیا جائے گا۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ایران کے خلاف جنگی کارروائیاں مکمل طور پر ختم ہوگئی ہیں، ان کے بقول ایران میں اب بھی کئی اہداف موجود ہیں اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ حملے کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حالات نے تقاضا کیا تو امریکا مزید دو ہفتوں تک ایران پر حملے جاری رکھ سکتا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔