قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی، بلوچستان سے خودکش بمبار خاتون گرفتار
کوئٹہ: (دنیا نیوز) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بلوچستان سے خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کر لیا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ خاتون خودکش حملہ آور کو اسلام آباد میں حملے کا ہدف دیا گیا تھا، بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار خاتون نے بتایا ان کا خودکش حملے کا منصوبہ تھا، دہشتگرد خواتین کو ٹریپ کرتے ہیں، بچی کو دھمکی دی گئی کہ خودکش حملہ نہ کرنے پر باپ کو قتل کر دیں گے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، خواتین کو دہشت گردی کیلئے استعمال کرنا شرمناک ہے، دہشت گرد اپنے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے بچیوں کو استعمال کرتے ہیں۔
خودکش حملہ آور خاتون کا بیان
گرفتار خودکش حملہ آور خاتون نے بتایا کہ میرے کزن نے مجھے ڈرایا دھمکایا کہ آپ تنظیم ( بی ایل اے ) کیلئے کام کرو، ورنہ تمہارے باپ کو قتل کردوں گا جس پر میں نے کہا ٹھیک ہے، پھر میں ان کیلئے موبائل کارڈ بھیجتی تھی اور روٹیاں بناتی تھی، مجھے نہیں پتا روٹیاں کہاں اور کس کیلئے جاتی ہیں، پھر مجھے پتا چلا یہ تنظیم ( بی ایل اے ) کیلئے جاتا ہے۔
خاتون نے بتایا کہ خودکش حملے کیلئے میری ذہن سازی کی گئی، میں مزید آگے بڑھنا چاہتی ہوں، پولیس نے مجھے حراست میں لیا اور باعزت طریقے سے رکھا۔