غلام اکبر لاسی کا پیپلز پارٹی کو الوداع ،نیشنل پارٹی میں شمولیت کا امکان

غلام اکبر لاسی کا پیپلز پارٹی کو الوداع ،نیشنل پارٹی میں شمولیت کا امکان

ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی، بینظیر کے قتل کے بعد نظر انداز کیا گیا، کارکن مایوس ہوگئے آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں کی مشاورت سے طے ، عوام کے مفاد میں قدم اٹھائوں گا ، سابق وزیر

اوتھل(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر غلام اکبر لاسی نے پیپلزپارٹی کو خیرباد کہہ دیا، ان کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے، غلام اکبر لاسی گزشتہ 26سال سے پیپلزپارٹی سے وابستہ تھے اور بے نظیربھٹوکے دونوں ادوار میں وفاقی وزیر بھی رہے ، وہ بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں شمارکیے جاتے تھے ۔ غلام اکبر لاسی نے 25نومبر کو وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ سے کوئٹہ میں ملاقات کی تھی اور یہ بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ وہ بلوچستان کی حکمران جماعت نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے جارہے ہیں ،اس حوالے سے جب صحافیوں نے ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے پیپلزپارٹی کو ہمیشہ اپنا گھر سمجھا لیکن بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد مجھے اور میرے حلقے کے لوگوں کو پیپلزپارٹی نے ہمیشہ نظر انداز کیا جس سے کارکن مایوس ہوگئے ، آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں کی مشاورت کے بعد طے کروں گا اور جوبھی قدم اٹھاؤں گا علاقے کے عوام کے مفاد میں اٹھاؤں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں