’’اداس نسلیں‘‘ کے خالق ممتاز ناول نگار عبداللہ حسین چل بسے
طویل عرصہ خون کے سرطان میں مبتلا رہے ، مایہ ناز ادیب کی عمر 84 سال تھی لاہور میں سپرد خاک،صدر، وزیر اعظم، زرداری، الطاف حسین، بلاول و دیگر کی تعزیت
لاہور،اسلام آباد، کراچی (نمائند گان دنیا، اسٹاف رپورٹر )برصغیرکے معرو ف ناول نگار،مصنف اوردانشورشہرہ آفاق ناول ’’اداس نسلیں ‘‘ کے خالق ممتاز ادیب عبداللہ حسین طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے ۔ عبداللہ حسین کی عمر 84 سال تھی۔ وہ طویل عرصے سے خون کے سرطان میں مبتلا تھے ۔ وہ کچھ مدت تک ایک نجی اسپتال میں زیر علاج رہے ۔ چند روز قبل انہیں گھر منتقل کیا گیا تھا۔عبداللہ حسین کااصل نام محمد خان تھا ۔وہ 1931میں راولپنڈی میں پیداہوئے ۔ مرحوم کو ہفتہ کو سیکڑوں سوگوارو ں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔ نمازجنازہ میں عطاالحق قاسمی ،مسعوداشعر،اصغرندیم سید، امجد اسلام امجد،یونس جاویداوردیگرفن و ادب سے وابستہ لوگوں نے کثیرتعدادمیں شرکت کی ۔ صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، سابق صدر آصف علی زرداری، متحدہ کے قائد الطاف حسین، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول زرداری، اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو اور ڈائریکٹر جنرل زاہدہ پروین نے عبداللہ حسین کی رحلت کو اردو ادب کا بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے پس ماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔